جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

چین اور روس کے تعلقات عالمی بے یقینی میں استحکام کا ذریعہ ہیں، صدر شی جن پنگ

قومی خبریں
چین اور روس کے تعلقات عالمی بے یقینی میں استحکام کا ذریعہ ہیں، صدر شی جن پنگ

شینژن: چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور روس کے تعلقات عالمی سطح پر جاری تبدیلیوں اور بے یقینی کے ماحول میں استحکام اور یقین دہانی کا ذریعہ بنے ہیں، دونوں ممالک کو باہمی تعاون مزید مضبوط بناتے ہوئے کثیر القطبی عالمی نظام کے قیام کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے ان خیالات کا اظہار روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے دوران کیا، جوایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) کے 33ویں اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے شہر شینژن میں موجود ہیں۔

شی جن پنگ نے کہا کہ رواں سال چین اور روس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 30ویں سالگرہ جبکہ اچھے ہمسائیگی اور دوستانہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کی 25ویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور روس کے تعلقات بڑے ممالک کے درمیان برابری، باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کے ایک نئے ماڈل کی مثال ہیں۔

چینی صدر نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ ہر شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کریں اور عالمی سطح پر کثیر القطبی نظام اور بین الاقوامی تعلقات میں جمہوریت کے فروغ کے لیے بڑی طاقتوں کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو حکومتوں، پارلیمانوں، افواج اور سیاسی جماعتوں کے درمیان موجود رابطوں کے نظام سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ دونوں سربراہان کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے زیادہ مستحکم اور قابلِ اعتماد ماحول فراہم کرنے اور دونوں ممالک کی کمپنیوں کے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ پر بھی زور دیا۔

شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور روس کی ترقی ایشیا پیسیفک خطے کی ترقی سے گہرا تعلق رکھتی ہے اور ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (APEC) علاقائی تعاون کے فروغ کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین روس سمیت ایشیا پیسیفک خطے کے تمام ممالک کے ساتھ مل کر خطے کی خوشحالی اور ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے اور ایشیا پیسیفک کمیونٹی کی تعمیر کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ رواں سال اب تک ان کی شی جن پنگ کے ساتھ چار نتیجہ خیز ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جن سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مثبت پیش رفت برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے۔

پیوٹن نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط میں تسلسل رہا ہے، دوطرفہ تجارت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جبکہ مختلف شعبوں میں عملی تعاون نے بھی نمایاں پیش رفت کی ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ روس چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے، تجارت، توانائی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے علاوہ ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط کو بھی وسعت دینے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ روس ایشیا پیسیفک خطے میں ترقی اور تعاون کے فروغ، کثیر القطبی عالمی نظام کی جانب پیش رفت اور زیادہ منصفانہ عالمی نظامِ حکمرانی کے قیام کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت