جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پیپلز پارٹی نے سندھیوں کا خون نچوڑلیا ہے،طلال چودھری

قومی خبریں
پیپلز پارٹی نے سندھیوں کا خون نچوڑلیا ہے،طلال چودھری

اسلام آباد:وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ حضرت عمرؓپر سوال ہو سکتا ہے تو مولانا فضل الرحمن پر کیوں نہیں؟ ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول آئین کے چیمپئن بنتے ہیں، ان کی آئین پر پرفارمنس زیرو ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے بلاول کے بیان پر ردعمل دیا اور کہا کہ بلاول نے کل اپنی طرف سے بڑا دھواں دار بیانیہ دیا.

وہ آئین کے چیمپئن بنتے ہیں اور جمہوریت کے لیے لمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں، انہیں تھیوری تو آتی ہے لیکن آئین کے حوالے سے ان کی پرفارمنس زیرو ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ آئین یہ نہیں کہتا کہ اپنی پسند کی شقوں کو ٹھیک اور باقی کو غلط قرار دیا جائے۔ پاکستان میں 3 صوبوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، 3 صوبوں کے سربراہ ان کے ہیں، اس کے باوجود وہ ایسا تاثر دیتے ہیں جیسے ان کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ ایسے ہی ہے جیسے 5 بچوں کے بعد خاتون اپنے شوہر سے کہے کہ مجھے محبت نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے اسمبلی میں کہا کہ آئینی عدالت وقت کی ضرورت ہے، پھر آپ نے بینظیر بھٹو کی تقریروں کا حوالہ دیا، آج آپ کہتے ہیں زبردستی ووٹ دیا۔

اگر طاقت اس لیے اپنے پاس رکھنی ہے کہ وسائل اپنے پاس رکھنے ہیں تو اس کا کیا مطلب ہے؟ آپ نے کہا سندھ کی گلیوں میں خون بہے گا، کیا ووٹ دینے سے خون رکتا ہے یا بہتا ہے؟

طلال چودھری نے کہا کہ آپ کی 17 سال کی حکمرانی نے سندھیوں کا خون نچوڑ لیا ہے، پہلے دیکھ لیں سندھیوں میں خون بچا بھی ہے یا نہیں۔

آپ آدھے آئین کو ماننا چاہتے ہیں اور اپنے ہی بنائے گئے آدھے آئین کو کہتے ہیں کہ یہ ٹھیک بنا ہی نہیں۔ جمہوریت میں پرفارمنس بھی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں تبدیلی لوگوں کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اوقات میں ہوتی رہی ہے، پاکستان میں حالات کے مطابق یہ چیزیں ایسے ہی چلتی رہیں گی۔

بلاول نے کہا کوئی شرم حیا ہونی چاہیے، یہ شرم یا حیا انہیں اپنے گورنر کو دلانی چاہیے، سب سے پہلا حملہ ان کے گورنر نے مولانا فضل الرحمان پر کیا۔

طلال چودھری نے سوال کیا کہ کیا اپنے پارٹی کے گورنر کو شرم دلانا چاہتے ہیں؟ مولانا فضل الرحمان پر سیدھے سیدھے سوال ہیں، انہیں ان کا جواب دینا چاہیے۔

مولانا سے صرف اتنا پوچھا ہے کہ آپ کے اثاثے کہاں سے آئے ہیں، مولانا کے بیٹوں کے اثاثوں پر سوال اٹھے ہیں، حضرت عمرؓ پر سوال ہوسکتا ہے تو مولانا فضل الرحمان پر کیوں نہیں ہوسکتا؟۔

بشکریہ روزنامہ جسارت