میرا سچ ہضم نہیں ہو رہا،ملک کے مفاد میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں: بلاول بھٹو

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حالیہ بیان پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کل تھوڑا زیادہ سچ بولا جو اب ہضم نہیں ہو رہا۔ ملک کے مفاد میں حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، اگر حکومتی رویہ تبدیل نہ ہوا تو اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس حکومت اور سسٹم کا بوجھ اٹھانا میری سیاست کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ میں نے انکار نہیں کیا کہ اسٹیک ہولڈر نہیں، وزیراعظم کے ساتھ ہوں لیکن اُنہیں پی سی بی چیئرمین سے تو زیادہ اختیار دیا جائے، کیا چیئرمین پی سی بی کو اختیار ہے کہ وہ کہے کہ سسٹم کولیپس ہو گیا ہے۔ کیا پی سی بی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ سسٹم کو کیسے ری سیٹ ہونا ہے؟ اور ہم چپ کر کے گھر چلے جائیں۔یہ باتیں انہوں نے نجی ٹی وی پر ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔
بلاول بھٹو نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ ملکی نظام تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کروایا گیا ہے اور اس عمل میں ان کا بھی ہاتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی طور پر نظام کو ری سیٹ کرنا ہے تو اس کے لیے سب سے پہلے عوام کا اعتماد بحال کرنا ہو گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت