ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کارگوپورٹ قاسم پر لنگر انداز: 15ہزار ٹن میٹرک ٹن ایل پی جی پہنچ گئی

کراچی: پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی کارگو 15 ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر کراچی کی بندرگاہ پورٹ قاسم پہنچ گیا، جسے ملک میں ایل پی جی کی درآمد اور فراہمی کے نظام میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزارتِ توانائی کے مطابق ایس ایس جی سی ایل پی جی لمیٹڈ (SLL) کی جانب سے درآمد کیا گیا یہ ریکارڈ کارگو اینگرو ووپاک ٹرمینل لمیٹڈ (EVTL) پر لنگر انداز ہوا۔ نئی ایل پی جی گائیڈ لائنز کے تحت یہ پہلی بڑی درآمد ہے، جس کا مقصد عوام کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر پورٹ قاسم پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصرالدین مشہود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایس ایس جی سی ایل پی جی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر جواد علی خان، اوگرا کے سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سرمد اسلم اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصرالدین مشہود نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی ہدایات پر عوام کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق 15 ہزار میٹرک ٹن کے ریکارڈ کارگو کی آمد ایل پی جی کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ہے اور اس سے ملک کی سپلائی چین مزید مضبوط ہوگی۔
وزارتِ توانائی کے اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیوں کے لیے ایل پی جی کی درآمد اور خریداری کی لاگت پوری کرنا مشکل تھا، جس کے نتیجے میں رسمی شعبے کی کمپنیاں درآمدات سے پیچھے ہٹ گئی تھیں۔ تاہم حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں کے نظام میں تبدیلیاں کرتے ہوئے سرکاری اداروں کو درآمدات میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی درآمدات میں اضافے سے مقامی مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر ہونے، رسد کی کمی دور کرنے اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت