دُم پرپاﺅں آیاتو پی پی کوجمہوریت یاد آگئی،مصطفی نوازکھوکھر
اسلام آباد: معروف سیاستدان اور سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بالخصوص چیئرمین بلاول زرداری کے حالیہ بیانات اور سیاسی موقف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا ماضی اور حال تضادات سے بھرپور ہے۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’عجب تیری سیاست، عجب تیرا نظام‘۔
اس ضمن میں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر غیر جمہوری عمل میں نہ صرف کھل کر شریک رہی ہے بلکہ اس کے نتیجے میں ملنے والے تمام سیاسی ثمرات اور فوائد بھی سمیٹتی رہی ہے، اب جب پارٹی کے اپنے مفادات پر آنچ آئی یا ان کی دم پر پائوں آیا تو اچانک انہیں جمہوریت بھی یاد آ گئی۔
آئینی ترامیم بھی غلط دکھائی دینے لگیں اور سیاسی قیدیوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافیوں پر آنسو بھی بہائے جانے لگے۔
پیپلز پارٹی کو چیلنج کرتے ہوئے مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ اگر پارٹی قیادت اپنے ماضی کے فیصلوں کا واقعی کفارہ ادا کرنا چاہتی ہے تو انہیں عملی طور پر 2 کام فوری کرنا ہوں گے۔
اول یہ کہ خیبرپختونخوا میں نافذ گورنر راج کے معاملے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔
پارٹی اپنے متعلقہ گورنر کو ہدایت کرے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے گورنر راج اٹھانے کی سمری صدرِ مملکت کو بھیجیں تاکہ شام تک وہاں کی منتخب اور نمائندہ اسمبلی بحال ہوسکے۔
دوم یہ کہ پیپلز پارٹی آج ہی مالِ غنیمت کے طور پر ملنے والی مخصوص نشستوں سے استعفادے کر باہر نکلے۔
انہوں نے چیلنج کیا کہ کیا پیپلز پارٹی میں اتنی جرات ہے کہ وہ یہ عملی قدم اٹھا کر دکھائے؟۔
اپنے بیان کے آخر میں سیاسی رہنما نے مشہور شعر ’ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا‘ کا استعمال کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ ملکی سیاست میں آنے والے دنوں میں مزید تلاطم خیز تبدیلیاں اور سیاسی جوڑ توڑ دیکھنے کو ملیں گے اور جماعتوں کے دعوے اور عمل کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت