پنجاب میں پنچایت نظام کے قیام کی منظوری

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں صلح صفائی اور ثالثی کی صدیوں پرانی روایات کے تحت عوام کو ان کی دہلیز پر فوری و سستا انصاف فراہم کرنے کے لیے پنچایت نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مجوزہ پنچایت نظام کے خدوخال، طریقہ کار اور دائرہ اختیار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت یونین کونسل، موضع، علاقے اور گائوں کی سطح پر باقاعدہ پنچایت کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو فریقین کی باہمی رضامندی سے مقامی تنازعات حل کریں گی۔
متعلقہ ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد کے حامل مستقل مقامی رہائشیوں کو پنچایت کا رکن مقرر کرے گا، ارکان کے انتخاب کےلیے نیک نامی، غیرجانبداری اور دانشمندی کو بنیادی معیار بنایا جائے گا۔
پنچایت میں نمبردار، اساتذہ، ریٹائرڈ ججز، ریٹائرڈ فوجی افسران، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور علاقے کی دیگر معزز شخصیات کو شامل کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ اس نظام کے تحت خواتین، اقلیتوں، غریبوں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف تک رسائی کو آسان اور موثر بنانے کا خصوصی ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پنچایت نظام مکمل طور پر قانونی حدود، انصاف اور غیر جانبداری کے اصولوں کا پابند ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ عدالتی دائرہ اختیار اور ہر شہری کے عدالتی تحفظ کے حصول کے بنیادی حق کو بھی مکمل طور پر برقرار رکھا جائے گا۔
پنچایتی نظام کے خواتین اور کمزور طبقات کے خلاف کسی بھی ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کےلیے دائرہ اختیار سے متعلق ایک باقاعدہ نیگیٹو لسٹ بھی جاری کی جائے گی، جس کے تحت سنگین نوعیت کے مقدمات پنچایت کے دائرہ کار سے باہر ہوں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تنازعات کے غیر رسمی حل کو باقاعدہ قانونی دائرہ کار میں لانے کے لیے پنجاب پنچایت ایکٹ متعارف کرایا جا رہا ہے، جو باہمی رضامندی سے تنازعات حل کرنے کے لیے ایک سادہ، کم خرچ اور آسان فورم فراہم کرے گا۔
متعلقہ حکام سے پنچایت پروگرام کے لیے رولز، پالیسی گائیڈ لائنز اور ضوابط کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پنچایت کے اختیارات کے تعین کے لیے واضح اور شفاف قواعد و ضوابط مرتب کیے جائیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت