پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ : پاک فوج کا فتح۔ III سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی: پاک فوج نے تھری سپر سانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔اس تجربے کے بعد پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔ فتح تھری میزائل انتہائی درستگی اور مہلک صلاحیت سے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح تھری میزائل کا کامیاب تجربہ ملکی دفاع کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ میزائل جدید نیوی گیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس ہے، جو دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم پیش رفت ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح تھری میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے سینئر افسران اور متعلقہ اداروں کے سائنسدانوں نے کیا۔
اس موقع پر میزائل کی جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صلاحیتوں کو اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ کامیاب تجربہ ملکی دفاعی استعداد میں اضافے اور دفاعی شعبے میں سائنسی و تکنیکی مہارت کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔
تجربے میں شریک افسران اور سائنسدانوں نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت