کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں، نصیحت یا دھمکی دینے کا حق ہے؟ خواجہ آصف کا بلاول کی تقریر پر ردعمل

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلاول بھٹو زرداری کے نظام کی ازسرنو تشکیل سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سندھ حکومت کی کارکردگی اور سیاسی احتساب کے معاملے پر سوالات اٹھا دیے، کسی بھی نظام میں تبدیلی کے لیے عوامی حمایت ناگزیر ہے اور سیاست دان احتساب سے بالاتر نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نظام کی تبدیلی یا اسے ازسرنو ترتیب دینے کی بات تبھی مؤثر ہوسکتی ہے جب اسے عوام کی تائید حاصل ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر نظام کے خاتمے یا اس میں بنیادی تبدیلی کی بات کی جا رہی ہے تو اس سے وابستہ تمام افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا جائزہ بھی لینا چاہیے۔
وزیر دفاع نے مؤقف اختیار کیا کہ سیاست دانوں کا احتساب کوئی نئی روایت نہیں اور نہ ہی کسی سیاسی رہنما کو اس عمل سے استثنیٰ حاصل ہے۔ ان کے مطابق سیاسی شخصیات کو اپنے کردار اور حکمرانی کے حوالے سے جواب دہ ہونا چاہیے۔
بلاول صاحب آپ نے سسٹم ری سیٹ کی بات کی لیکن کوئی سسٹم اس وقت تک ری سیٹ نہیں ہو سکتا جب تک اُسے عوامی تائید حاصل نہ ھو/اگر آپ system collapse کی بات کر رہے ہیں تو ہم سب کا اس سسٹم سے منسلک ہونے کے ناطے اپنی ذمہ داریوں کا احاطہ بھی ضروری ہے۔ اس ملک میں سیاست دانوں کا احتساب نہ تو کوئی نئی بات ہے اور نہ کوئی سیاستدان احتساب سے مبرا ہے۔ آپکی پریس کانفرنس یقیناً بہت دھواں دار تھی اور موجودہ حکومت اور نظام پر تنقید پر مرکوز رہی لیکن احترام کے ساتھ یہ کہوں گا کہ ہم سیاسی لوگوں کو عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ نہیں کہنا چاہیے۔ ہم سیاستدانوں کی اساس عوامی راۓ ہے۔ عوامی استصوابِ رائے کے ساتھ پارلیمان کے اندر بحث مباحثے پر کوئی قدغن نہیں۔ یقیناً “System Reset” کے معاملے پر پارلیمان میں بحث ضرور ہوگی لیکن اس کے ساتھ عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔پارلیمنٹ کے ساتھ اگر عوام کی راۓ کوبھی جان لیا جاۓ تو میرے خیال legitimacy کی معراج ھو گی
۔
بلاول صاحب آپکے پاس سندھ کی حکومت
18سال سے ھے۔ سندھ جنت بن گیا ھے۔ کراچی شہر کی حالت پہ دنیا رشک کرتی ھے۔ plmn کے آپ 2022سے کاروبار حکومت میں پارٹنر ھیں۔ نفع آپکا اور نقصان plmn کا یا پاکستان کا ۔
He who claims equity must come with clean hands.
یہ صدیوں پرانا equity کا maxim ھے. کیا آپ کے ھاتھ صاف ھیں۔ کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ھیں۔
ھمارا مقصد صرف ایک ھے – پاکستان کے عوام کے دن بدلیں عام آدمی عزت کی زندگی گزارے۔ حکمرانی میں عوام کی شراکت کو حقیقت بنائیں حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ھے کسی کی میراث نہیں ، عوام کے حقوق آئین کی کتاب تک مجدود نہ رکھیں۔
پاکستان کی تاریخ میں سفارتی محاذ اور جنگ کے محاذ پر عزت اور تکریم اللہ کی مہربانی سے کس دور میں ملی اور کس دور میں وطن کا نام روشن ھوا۔ ان دو محاذوں پہ فتح کے بعد اب حکمرانی گلی محلے کی سطح پہ منتقل کرنے کی جنگ ھے جسمیں عوام کی راۓ اور پارلیمنٹ کا رول عین جمہوری اور آئینی ھے۔ حکمرانی کسی کی اجارہ داری نہیں،25کروڑ عوام کو یہ حق اللہ نے عطا کیا ھے۔
خواجہ آصف نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گفتگو حکومت اور موجودہ نظام پر تنقید کے گرد گھومتی رہی، تاہم سیاسی معاملات میں عوام سے رجوع کرنے کے عمل کو کسی غیر معمولی یا غیر قانونی راستے سے تعبیر نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کی اصل طاقت عوامی رائے ہے اور پارلیمان میں نظام کی اصلاح سے متعلق بحث کے ساتھ عوام کو بھی اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ نظام کی ازسرنو تشکیل کے معاملے پر پارلیمان میں بحث و مباحثہ ضرور ہونا چاہیے، لیکن عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ اگر پارلیمان میں غور و خوض کے ساتھ عوام کی رائے بھی حاصل کی جائے تو یہ نظام کی قانونی اور عوامی قبولیت کے لیے ایک مضبوط بنیاد بن سکتی ہے۔
وزیر دفاع نے سندھ میں پیپلز پارٹی کی طویل حکمرانی اور وفاقی حکومت میں اس کی شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ سندھ میں 18 سال سے حکومت کرنے کے باوجود صوبے کی صورت حال کیا ہے اور کراچی کے حالات کس حد تک بہتر ہوئے ہیں؟ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ پیپلز پارٹی 2022 سے وفاقی حکومت کے معاملات میں مسلم لیگ (ن) کی شریک رہی ہے اور اس شراکت داری کے سیاسی فوائد اور ذمہ داریوں کا جائزہ بھی لیا جانا چاہیے۔
خواجہ آصف نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا وہ خود احتسابی کے لیے تیار ہیں اور کیا انہیں دوسروں کو سیاسی لیکچر دینے یا دھمکیاں دینے کا حق حاصل ہے؟ ان کے بیان میں سندھ حکومت کی کارکردگی اور سیاسی ذمہ داریوں سے متعلق تنقیدی سوالات بھی شامل تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانی میں عوام کی شمولیت کو محض نظریاتی تصور کے بجائے عملی حقیقت بنانا ضروری ہے، کیونکہ اقتدار عوام کی امانت ہے اور کسی فرد یا جماعت کی ذاتی میراث نہیں۔ وزیر دفاع کے مطابق شہریوں کے حقوق کو صرف آئینی دستاویزات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی طور پر یقینی بنایا جانا چاہیے، جبکہ ملک کے 25 کروڑ عوام کو حکمرانی میں اپنا کردار ادا کرنے کا حق حاصل ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت