سندھ میں اقتدار پیپلز پارٹی کے پاس ہے، خونریزی ہوئی تو جوابدہ بلاول بھٹو ہوں گے: مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ملک میں نئے اور چھوٹے صوبوں کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر عوامی ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے اور لوگوں کی رائے کو فیصلہ سازی میں اہمیت دی جائے۔
مصطفیٰ کمال نے بلاول بھٹو زرداری کے سندھ سے متعلق بیان پر ردعمل دیا اور کہا کہ انہیں بلاول کی گفتگو پر افسوس ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول نے کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں خون بہنے کی بات کی ہے، اگر سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو اس کی ذمہ داری بلاول بھٹو پر عائد ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں اور انہیں اپنی جماعت کی 18 سالہ حکومتی کارکردگی پر بات کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق مہاجر برادری طویل عرصے سے تشدد اور نسل کشی کا سامنا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد کراچی میں ہونے والے واقعات، فیکٹریوں کو آگ لگائے جانے اور شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا بھی حوالہ دیا۔
صوبوں کی تشکیل سے متعلق مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس ریفرنڈم کرانے کا اختیار موجود ہے اور امید ہے کہ تحریک انصاف بھی اس معاملے پر ریاست کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کسی سیاسی جماعت کو تحفظ دینا ہے یا پاکستان کے مفاد کو ترجیح دینی ہے۔ ان کے بقول اس معاملے میں تاخیر ہوئی تو دیگر قوتیں بھی مداخلت کرسکتی ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ وفاق سے ملنے والے اختیارات اور فنڈز مقامی سطح تک منتقل نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 17 سے 18 سال کے دوران سندھ حکومت کو 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی کے حالات میں خاطر خواہ بہتری نہیں آئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی نے 26ویں آئینی ترمیم کے دوران مقامی حکومتوں کے اختیارات سے متعلق ان کی جماعت کی کوششوں کو آگے نہیں بڑھنے دیا۔
انہوں نے کراچی کے انتظامی ڈھانچے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہر دور حکومت میں شہر کو تقسیم کرکے نئے اضلاع بنائے گئے، جن میں ملیر، کورنگی اور کیماڑی شامل ہیں، جبکہ اب کراچی سات اضلاع میں تقسیم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ اردو بولنے والے مہاجر ہیں اور ان کی جماعت نے ان علاقوں میں بھی پانی فراہم کیا جہاں پیپلز پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت نے شہر میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے نیٹ ورک کو توڑنے میں کردار ادا کیا۔
مصطفیٰ کمال نے مزید دعویٰ کیا کہ سندھ کی آبادی میں اردو بولنے والوں کا تناسب 38 فیصد ہے، تاہم ان کے مطابق آبادی کے اعداد و شمار میں 73 لاکھ افراد کو شمار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقیاتی پروگرام میں ان کے حصے کے ایک ہزار ارب روپے بنتے ہیں، لیکن انہیں اس میں سے مناسب وسائل فراہم نہیں کیے جا رہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت