پھیپھڑوں کے مریضوں میں فلو سے موت کا امکان 7 گنا زیادہ: تحقیق
لندن: برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ دمہ اور پھیپھڑوں کے دائمی امراض میں مبتلا افراد کو فلو لاحق ہونے کی صورت میں موت کا خطرہ عام صحت مند انسانوں کی نسبت تقریباً 7 گنا زیادہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سانس کی بیماریاں پھیپھڑوں اور نالیوں کو مستقل طور پر متاثر کرتی ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کو آکسیجن کے حصول میں پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اور فلو ان کی حالت کو انتہائی خطرناک حد تک بگاڑ سکتا ہے۔
تحقیقی رپورٹ کے مطابق صرف برطانیہ میں ایک کروڑ بیس لاکھ افراد دمہ یا پھیپھڑوں کے دیگر امراض کا شکار ہیں، تاہم افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ان میں سے بڑی تعداد فلو سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے۔
گزشتہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ 65 سال سے کم عمر دائمی سانس کے مریضوں میں سے نصف سے بھی کم یعنی صرف 47 فیصد افراد نے ہی ویکسینیشن کروائی۔ طبی ماہرین نے واضح کیا کہ ویکسین نہ لگوانا ان مریضوں کے لیے سنگین پیچیدگیوں کا باعث بن رہا ہے۔
لنگ ہیلتھ ٹاسک فورس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فلو ویکسینیشن پروگرام کے ذریعے صرف گزشتہ موسم سرما میں ایک لاکھ مریضوں کو اسپتال میں داخل ہونے سے بچایا گیا۔ یہ اعداد و شمار ثابت کرتے ہیں کہ ویکسین اس مرض کے خلاف ایک نہایت مؤثر حفاظتی ڈھال ہے۔
اس سلسلے میں استھما اینڈ لنگ یو کے جیسی فلاحی تنظیموں نے نشاندہی کی ہے کہ ویکسینیشن کی شرح کم ہونے کی بڑی وجوہات میں طبی مراکز تک رسائی میں دشواری اور کچھ حلقوں میں ویکسین کی افادیت کے حوالے سے پایا جانے والا بلاجواز عوامی عدم اعتماد ہے۔
طبی ماہرین نے کہا کہ دمہ کے باعث سانس کی نالیوں میں سوزش ہوتی ہے، جبکہ سی او پی ڈی میں نالیاں مستقل طور پر تنگ ہو جاتی ہیں۔ ایسے حالات میں فلو وائرس کا حملہ پھیپھڑوں کی کارکردگی کو مفلوج کر سکتا ہے، اس لیے مریضوں کو ویکسینیشن کو ترجیح دینی چاہیے۔
حکام نے مزید کہا کہ سانس کے امراض میں مبتلا افراد کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتیں اور بروقت ویکسین لگوائیں۔ عوامی شعور اور بروقت طبی اقدامات ہی ان مریضوں کو زندگی کی سنگین خطرات سے محفوظ رکھنے کا واحد مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت