راولپنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز: سری لنکا کیخلاف پاکستان کی پہلی اننگز جاری

راولپنڈی ٹیسٹ میں سری لنکا کے 98 رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد پاکستان نے پہلی اننگز میں 123 رنز کی برتری حاصل کرلی، دوسرے روز کھانے کے وقفے تک قومی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا چکی ہے۔
پاکستان نے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز 3 وکٹوں پر 121 رنز سے آگے بڑھائی، تاہم دن کے آغاز پر ہی اعظم اویس 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور قومی ٹیم کو چوتھی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 178 رنز پر گری، جبکہ چھٹا کھلاڑی 193 رنز کے مجموعے پر پویلین واپس لوٹا۔ سعود شکیل نے نائٹ واچ مین ثاقب خان کے ساتھ 57 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم وہ 24 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ بعدازاں ثاقب خان بھی 37 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ سلمان علی آغا 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کھانے کے وقفے پر غازی غوری 8 اور عامر جمال 1 رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور پاکستان کا مجموعی اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز ہے۔
سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنانڈو 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ پرباتھ جے سوریا نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جسے قومی بولرز نے مؤثر کارکردگی کے ذریعے درست ثابت کردیا۔ پاکستانی بولنگ کے سامنے سری لنکن بیٹنگ لائن زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم صرف 98 رنز پر سمٹ گئی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت