نیند کی کمی نظامِ ہاضمہ کو کیسے متاثر کرتی ہے؟ اہم اثرات جانیں

رات گئے تک جاگنے اور دیر سے کھانا کھانے کی عادت موٹاپے کے شکار افراد میں آنتوں کی صحت اور جسمانی نظام کو متاثر کرسکتی ہے۔ ایک نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سونے جاگنے کے معمولات میں بے ترتیبی آنتوں میں موجود مفید جرثوموں کے توازن کو تبدیل کرنے کے ساتھ ان کی حفاظتی جھلی کی کارکردگی بھی متاثر کرسکتی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف میٹابولک مسائل جنم لینے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تحقیق میں موٹاپے کے شکار بالغ افراد کی صحت کا جائزہ لیا گیا۔ محققین کے مطابق رات دیر سے کھانے اور معمول سے دیر تک جاگنے کا تعلق آنتوں میں موجود جرثوموں کے مجموعے، جسے گٹ مائیکرو بایوم کہا جاتا ہے، میں تبدیلیوں سے ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ جسم میں غذائی اجزا جذب کرنے اور نقصان دہ مادوں کے خلاف تحفظ فراہم کرنے والی آنتوں کی اندرونی جھلی کے افعال بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تحقیق میں میٹابولک سنڈروم کو بھی خاص طور پر زیرِ غور رکھا گیا، جو درحقیقت متعدد جسمانی اور میٹابولک خرابیوں کا مجموعہ ہے۔ اس کی نمایاں علامات میں موٹاپا، انسولین کے خلاف مزاحمت، خون میں چکنائی کی غیر معمولی مقدار اور بلند فشارِ خون شامل ہیں۔ یہ تمام عوامل مل کر دل کے امراض، فالج، ذیابیطس کی دوسری قسم اور جگر کی بیماریوں سمیت متعدد سنگین طبی مسائل کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق میٹابولک سنڈروم کی موجودگی میں جسم طویل عرصے تک سوزش کی کیفیت سے دوچار رہ سکتا ہے۔ اگر اس دوران آنتوں کی قدرتی حفاظتی جھلی کمزور پڑ جائے تو جسم میں سوزش کے اثرات مزید بڑھ سکتے ہیں، جس سے مجموعی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔
اس سے قبل جانوروں پر کیے گئے مختلف سائنسی تجربات میں بھی یہ بات سامنے آچکی ہے کہ جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی میں خلل پڑنے سے آنتوں میں موجود جرثوموں کا توازن بگڑ سکتا ہے۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں آنتوں کی حفاظتی صلاحیت متاثر ہونے کے ساتھ جسم میں میٹابولک بے قاعدگیاں پیدا ہونے کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے۔
جانوروں پر ہونے والی بعض تحقیقات میں فضلے کی پیوند کاری کے ذریعے بھی ان اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ ان تجربات سے معلوم ہوا کہ متاثرہ جانوروں کے آنتوں میں موجود جرثوموں کو دوسرے جانوروں میں منتقل کرنے سے بعض میٹابولک اثرات بھی منتقل ہوسکتے ہیں۔ تاہم انسانوں میں جسمانی گھڑی، آنتوں کے جرثوموں اور میٹابولک صحت کے درمیان تعلق کے حوالے سے اب تک سائنسی شواہد محدود رہے ہیں۔
اسی خلا کو دور کرنے کے لیے نئی تحقیق کے مصنفین نے موٹاپے کے شکار افراد میں سونے جاگنے کے معمولات اور جسم کی حیاتیاتی گھڑی سے متعلق مختلف خصوصیات کا جائزہ لیا۔ محققین یہ جاننا چاہتے تھے کہ آیا نیند اور کھانے کے اوقات میں بے ترتیبی کا تعلق میٹابولک سنڈروم کی شدت، جسم میں سوزش، میٹابولک نظام کی خرابی اور آنتوں کی اندرونی جھلی کی نفوذ پذیری میں اضافے سے ہے یا نہیں۔
تحقیق کے دوران آنتوں میں موجود جرثوموں کی مجموعی ساخت اور ان میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو بھی مطالعے کا حصہ بنایا گیا۔ سائنس دانوں نے بالخصوص یہ جانچنے کی کوشش کی کہ جرثوموں کے نظام میں مخصوص تبدیلیاں پیدا ہونے کے بعد آنتوں کی حفاظتی جھلی کے افعال کس حد تک متاثر ہوتے ہیں اور آیا دونوں تبدیلیوں کے درمیان کوئی باہمی تعلق موجود ہے۔
تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ آنتوں کی حفاظتی جھلی کی مضبوطی اور اس کی معمول کے مطابق کارکردگی جسم کی حیاتیاتی گھڑی اور میٹابولک صحت کے درمیان تعلق کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ اس سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ نیند اور کھانے کے اوقات میں بے ترتیبی کے اثرات صرف روزمرہ معمولات تک محدود نہیں رہتے بلکہ جسم کے اندر موجود جرثوموں اور مختلف حیاتیاتی نظاموں سے بھی جڑے ہوسکتے ہیں۔
محققین کے مطابق اس موضوع پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ یہ واضح کیا جاسکے کہ رات گئے تک جاگنے اور کھانے کی عادت انسانی آنتوں اور میٹابولک صحت کو کس حد تک متاثر کرتی ہے، تاہم موجودہ نتائج جسم کی حیاتیاتی گھڑی، آنتوں کے جرثوموں اور مجموعی صحت کے درمیان اہم تعلق کی نشاندہی کرتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت