بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بلاول کا نئے صوبوں پر خون بہنے کا بیان فساد پھیلانے کی سازش ہے، حافظ نعیم

قومی خبریں
بلاول کا نئے صوبوں پر خون بہنے کا بیان فساد پھیلانے کی سازش ہے، حافظ نعیم

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلاول کا نئے صوبوں پر خون بہنے کا بیان فساد پھیلانے کی سازش ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم انتظامی صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہیں۔ نئے صوبوں کے آئینی فریم ورک کو سامنے رکھا جائے۔ بلاول نئے صوبے بننے پر خون بہنے کی بات کرتے ہیں، پیپلزپارٹی کے لسانی بل کے نتیجے میں خون خرابہ ہوا۔ ہم پیپلزپارٹی کی سوچ کی مذمت کرتےہیں۔ بلاول کا سندھ کے شہری علاقوں میں خون بہنے کا بیان اپنی کرپشن و بیڈ گورننس پر بات کو چھپانے اور 1972 کی طرح لسانی بل لا کر پیدا کیے گئے فساد کو پھیلانے کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں حکومت یہ کررہی ہے تو زرداری کس کے ووٹ سے صدر بنے؟۔ یہ 2024 کے الیکشن کے بینیفشری ہیں۔ میئر کے الیکشن میں ہیرا پھیری کی گئی۔ کراچی میں پی پی پی کی 7 ایم این اے کی سیٹیں ناجائز ہیں۔ بلاول بھٹو ان نشستوں کے فارم 45 دکھا دیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ 1972 میں لسانی بل لا کر فسادات پیپلزپارٹی نے کرائے۔ آپ نے ہمیشہ جمہوریت پر شب خون مارا۔ اس وقت بھی آپ حکومت کا حصہ ہیں۔ اگر یہ حکومت ناجائز حکومت چلا رہے ہیں توزرداری صدارت سے استعفی دیں۔ اگر خیبر پختونخوا میں ناجائز طریقے سے گورنرراج لگاتو اس پر دستخط توآپ کے والد نے کیے۔ آپ ہی کا گورنر خیبر پختونخوا میں تمام معاملات چلا رہا ہے۔ آپ کس کو دھوکا دینا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج بلاول پی ٹی آئی سے ہمدردی کا اظہار کرہے ہیں تو آپ نے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی کیوں تھی؟۔ ایسا کوئی بھی طرز عمل جو خون خرابے کی طرف لے کر جائے اس کو فکس کرنا چاہیے ۔ سندھ میں کرپشن چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کی صورتحال بہت خراب ہے، گنے کی کرشنگ شروع نہیں ہوئی، کسان پریشان ہے۔ زرعی مداخل بہت مہنگے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گنے کی قیمت 7 سوروپے فی من مقرر کی جائے ۔ دوسری فصلوں کی صورتحال بھی خراب ہے۔ زراعت کا شعبہ نیچے کی طرف جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی جمعہ کے روز شوگر ملز کے باہر دھرنے دے گی۔شریف خاندان اورزرداری کی شوگر ملیں ہیں۔ آٹا انتہائی مہنگا ہوچکا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ گندم کی خریداری کے لیے جو کمپنیاں پنجاب حکومت نے بنائیں وہ کہاں ہیں؟ سندھ میں فلور ملو ں کو کچرا گندم مل رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم کی قیمتیں کچھ کم ہوئی ہیں،پیٹرولیم کے کرائسز میں آئل کمنیوں نے ناجائز منافع کمایا، ہم نے احتجاج کرکے حکومت کو پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھانے سے روکا، جبکہ ایک وزیر نے تو کہہ دیا کہ پیٹرول 1500 روپے فی لیٹر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈرافٹ بنا کر حکومت کو دے دیا ہے۔ حکومت ریلیف کو بڑھانے پر رضا مند ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سبسڈی کے ریلیف کا دائرہ بڑھنا چاہیے ۔ ہم نے حکومت کو باور کرایا کہ آئی پی پیز کے معاملے پر مزید فائدہ عوام کو ملنا چاہیے۔ وفاق اور پنجاب حکومت کی آئی پی پیز کے کو کیپسٹی پیمنٹس فوری ختم کی جائیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ملک میں گیس کا شدید بحران ہے، ایل پی جی 55 فیصد ایران سے درآمد کررہے تھے، اب ملک میں ایل پی جی کا شدید بحران ہے۔ سرکاری ریٹ پر ایل پی جی کہیں بھی دریافت نہیں، ایل پی جی کی درآمد کے مسائل حل کیے جائیں۔ ملک میں آنے والی آرایل این جی کو ری گیسیفائی کیا جاتا ہے ۔ اب جب آر ایل این جی نہیں آرہی لیکن ایل این جی ٹرمینلز کو 5 لاکھ 38 ہزار ڈالر روزانہ کس مد میں ادا کیے جارہے ہیں؟۔ ایل این جی ٹرمینلزکو بھی کیپسٹی پیمنٹس دی جارہی ہیں ۔ یہ عوام کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، حکومت کو اسے دیکھنا پڑے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت