اسلام آباد میں حرام گوشت کی فروخت کا مکروہ کاروبار بے نقاب

اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 14 میں مبینہ طور پر غیر قانونی گوشت کی تیاری اور ترسیل کا معاملہ سامنے آنے پر متعلقہ اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں گوشت اور متعدد جانور برآمد کرلیے جبکہ واقعے کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران تقریباً 800 کلوگرام مشتبہ حرام گوشت قبضے میں لیا گیا، جسے حکام نے موقع پر ہی تلف کردیا۔ چھاپے کے مقام سے 12 زندہ گدھے، 5 کتے، 17 کچھوے، ایک مردہ گدھا، ایک گیدڑ اور ایک پینگولین بھی برآمد ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے زندہ جانوروں کو تحفظ اور دیکھ بھال کے لیے متعلقہ محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کردیا گیا، جبکہ گوشت اور مردہ جانوروں کو مقررہ ضابطے کے مطابق تلف کیا گیا۔
پولیس کے مطابق اس کارروائی کے دوران گوشت کی تیاری، خریداری یا ترسیل سے متعلق کوئی قانونی دستاویزات پیش نہیں کی جاسکیں، جس کے بعد مبینہ غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ برآمد شدہ گوشت کو مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کے لیے تیار کیا جارہا تھا، تاہم اس کاروبار میں ملوث افراد، گوشت کے اصل ماخذ اور اس کی ترسیل کے ممکنہ مقامات سے متعلق مزید معلومات جمع کی جارہی ہیں۔
متعلقہ اداروں نے معاملے کی تحقیقات جاری رکھتے ہوئے اس مبینہ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد اور سرگرمیوں کا سراغ لگانے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت