بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارت کیلیے ایک اور جھٹکا: برطانوی جریدے کی رپورٹ نے رافیل طیاروں کی تعداد پر سوال اٹھا دیے

قومی خبریں
بھارت کیلیے ایک اور جھٹکا: برطانوی جریدے کی رپورٹ نے رافیل طیاروں کی تعداد پر سوال اٹھا دیے

نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال فرانسیسی ساختہ رافیل لڑاکا طیاروں کی تعداد پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔

ممتاز برطانوی ایوی ایشن جریدے فلائٹ گلوبل نے اپنی تازہ ترین ورلڈ ایئر فورسز ڈائریکٹری برائے 2027 میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے پاس فعال سروس میں صرف 32 رافیل طیارے موجود ہیں۔

یہ اعداد و شمار بھارتی حکومت اور انڈین ایئر فورس کے اس سرکاری دعوے سے متصادم ہیں جس میں وہ مسلسل 36 رافیل طیاروں کی موجودگی کا اعادہ کر رہے ہیں۔

جریدے کی جانب سے جاری کردہ یہ رپورٹ عالمی سطح پر دفاعی ماہرین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے کیونکہ بھارت نے طویل عرصے سے ان طیاروں کو اپنی فضائی طاقت کا اہم ستون قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے 2016 میں فرانس کے ساتھ تقریباً 8.7 ارب ڈالر کے معاہدے کے تحت یہ 36 طیارے خریدے تھے۔ انڈین ایئر فورس نے رواں سال کے وسط میں اس بات کی تصدیق کی تھی کہ تمام طیارے بیڑے کا حصہ بن چکے ہیں، تاہم اب سامنے آنے والی یہ نئی فہرست اس دعوے کی نفی کرتی دکھائی دے رہی ہے جس سے بھارتی دفاعی نظام کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔

اس معاملے کی اہمیت اس وقت مزید بڑھ گئی جب مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے دوران پاک فوج نے متعدد بھارتی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

پاک فوج کے ترجمان نے واضح طور پر کہا تھا کہ کارروائی کے دوران بھارتی فضائیہ کے 5 طیارے تباہ ہوئے جن میں 3 رافیل بھی شامل تھے۔ اگرچہ بھارت نے اپنے نقصانات کو تسلیم کرنے سے گریز کیا لیکن بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور کچھ عالمی رہنماؤں کے بیانات نے ان دعووں کو تقویت دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایک موقع پر 7 بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کیا تھا، جس سے اس تنازع کی شدت کا اندازہ ہوتا ہے۔

اب برطانوی جریدے کی جانب سے طیاروں کی تعداد کم ظاہر کیے جانے کے بعد یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ کیا یہ اعداد و شمار مئی 2025 کے اسی فضائی تصادم کا نتیجہ ہیں جس میں بھارت کو مبینہ طور پر نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت