ایران نے ڈیموں کو میزائل اڈوں سے منسلک کرنے کی رپورٹ مسترد کردی

ایران نے امریکی اخبار کی اس رپورٹ پر شدید اعتراض اٹھایا ہے جس میں ملک کے بعض آبی ڈیموں اور میزائل تنصیبات کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی تھی، تہران نے اسے اپنے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے جواز تراشنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی اخبار کی رپورٹ کے ذریعے ایران کے آبی ذخائر اور ڈیموں کو میزائل اڈوں سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے، جس کا مقصد اہم شہری تنصیبات پر ممکنہ حملوں کے لیے پروپیگنڈا تیار کرنا اور سیکیورٹی کے نام پر جواز فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بے بنیاد دعوے گھڑنے اور انہیں ذرائع ابلاغ کے ذریعے پھیلانے کا سلسلہ ایک بدنیتی پر مبنی مہم کا حصہ ہے، جس کے ذریعے مخصوص مقاصد حاصل کرنے اور ایران کے اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی اخبار نے رپورٹ کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں 7 بین الاقوامی ماہرین کی تحقیق اور تجزیے کو درست انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ کی 2 مصنفین میں شامل صنم ماہوزی نے بھی اخبار کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ نہ تو رپورٹ اور نہ ہی ان کی جانب سے پیش کردہ معلومات ڈیموں یا دیگر بنیادی تنصیبات پر حملوں کی حمایت کرتی ہیں اور نہ ہی ایسے اقدامات کو جائز قرار دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
اس تنازع سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی ایران کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق الزامات پر ردعمل دے چکے ہیں۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اسرائیل نواز ذرائع ابلاغ ایران پر امریکا میں کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کی سازش کے الزامات عائد کر رہے ہیں، تاہم یہ دعوے بے بنیاد اور فضول ہیں۔
انہوں نے عراق جنگ کے دوران سامنے آنے والے پروپیگنڈے کو دہراتے ہوئے ایران کے خلاف ایسی مہم چلانے سے گریز کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ان الزامات پر کوئی اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔
یاد رہے کہ امریکی اخبار کی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایران کے بعض ڈیم ایسے ہیں جنہیں شہری ضروریات کے ساتھ فوجی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت