بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایس آئی ایف سی کا چین سے 20 ارب ڈالر اور سعودی عرب سے 2.3 ارب ڈالر کے کاروباری و سرمایہ کاری روابط کا دعویٰ

قومی خبریں
ایس آئی ایف سی کا چین سے 20 ارب ڈالر اور سعودی عرب سے 2.3 ارب ڈالر کے کاروباری و سرمایہ کاری روابط کا دعویٰ

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) نے چین کے ساتھ روابط کے ذریعے تقریباً 20 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری پورٹ فولیو جبکہ سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری، تجارت اور ترسیلاتِ زر کے معاہدوں سے 2.3 ارب ڈالر کی آمدن رپورٹ کی ہے۔

سینیٹ میں پیش کی گئی ایس آئی ایف سی کی پریزنٹیشن کے مطابق کونسل نے مختلف وزارتوں اور محکموں میں سرمایہ کاری کے 553 وعدوں کا جائزہ لیا، جن میں سے 80 منصوبے عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں۔ ان منصوبوں کی مجموعی مالیت 2 ارب 64 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے، جو کل وعدوں کا 14.47 فیصد ہے۔

چین کو پاکستان کا اہم سرمایہ کاری شراکت دار قرار دیتے ہوئے پریزنٹیشن میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط کے تحت مینوفیکچرنگ، زراعت، توانائی ذخیرہ کرنے، ادویہ سازی اور دیگر شعبوں میں تقریباً 20 ارب ڈالر کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔

4 ستمبر 2025 کو بیجنگ میں ہونے والے پہلے پاک چین بزنس ٹو بزنس اجلاس میں 9.3 ارب ڈالر مالیت کی 129 مفاہمتی یادداشتوں اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق ہوا، جن میں سے 1.2 ارب ڈالر کے منصوبے عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں۔

اسی طرح 19 جنوری 2026 کو اسلام آباد میں منعقدہ زرعی سرمایہ کاری کانفرنس کے نتیجے میں 2.1 ارب ڈالر مالیت کی 99 مفاہمتی یادداشتوں اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا گیا، جن میں سے 56 ملین ڈالر کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

مئی 2026 میں لاہور میں بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم سے متعلق کاروباری فورم کے دوران 636 ملین ڈالر مالیت کے 54 معاہدوں اور مشترکہ منصوبوں پر اتفاق ہوا، جن میں سے 136 ملین ڈالر کے منصوبے عمل درآمد کے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔ 24 مئی 2026 کو ہانگ ژو میں ہونے والی سرمایہ کاری گول میز کانفرنس کے تحت 6.6 ارب ڈالر کی فعال سرمایہ کاری پائپ لائن کی نشاندہی کی گئی، جبکہ 1.2 ارب ڈالر کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

پریزنٹیشن کے مطابق جولائی 2026 میں اسلام آباد میں دوا سازی کے شعبے سے متعلق کاروباری روابط کے نتیجے میں 629.5 ملین ڈالر مالیت کے معاہدے بھی طے پائے۔

چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے تحت متعدد بڑے منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں ایف ایف سی اور ہوا لو انجینئرنگ کا 1.2 ارب ڈالر کا کھاد سازی کا منصوبہ شامل ہے، جس کے ذریعے تھر کے لگنائٹ کو استعمال کرکے کوئلے سے یوریا تیار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایف یو انرجی کا 240 ملین ڈالر کا الیکٹرک گاڑیوں اور سولر پینلز کی تیاری کا منصوبہ، ایشیا پاک کا 223 ملین ڈالر کا پلازما جمع کرنے کا مرکز اور ایچ آر ایل و وائی ٹی او کا 100 ملین ڈالر کا ای کامرس اور مصنوعی ذہانت پر مبنی چھانٹی و تقسیم کا منصوبہ بھی شامل ہیں۔

دیگر منصوبوں میں سوگو گروپ کا 50 ملین ڈالر کا لیتھیم بیٹری اسمبلنگ پلانٹ اور اسکائی 47 کا 120 ملین ڈالر کا ڈیٹا سینٹر منصوبہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت کے لیے کلاؤڈ انفراسٹرکچر، سولر انورٹرز اور بیٹری اسٹوریج سسٹم کی تیاری کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

سعودی عرب کے ساتھ کاروباری تعاون کے حوالے سے ایس آئی ایف سی نے بتایا کہ 2024 میں پاکستانی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ان میں سرمایہ کاری کے 13، تجارت کے 14 اور ترسیلاتِ زر کے 7 معاہدے شامل تھے، جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2.3 ارب ڈالر کی آمدن رپورٹ کی گئی۔

شعبہ وار تفصیلات کے مطابق بجلی کے شعبے میں 1.25 ارب ڈالر، صحت میں 256 ملین ڈالر، زراعت اور خوراک میں 207 ملین ڈالر، انسانی وسائل میں 180 ملین ڈالر، پٹرولیم میں 170 ملین ڈالر، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 107 ملین ڈالر، صنعت میں 100 ملین ڈالر اور کان کنی میں 30 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔

ایس آئی ایف سی نے 28 اور 29 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں یورپی یونین، پاکستان بزنس فورم کے انعقاد میں بھی سہولت فراہم کی۔ اس فورم میں ایک ہزار سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جن میں 300 یورپی اور 600 پاکستانی کمپنیاں شامل تھیں۔ اس موقع پر کاروباری اداروں کے درمیان 600 سے زائد روابط قائم ہوئے، جبکہ کاروباری اور مالیاتی اداروں کے درمیان بھی تعاون کے مواقع پیدا کیے گئے۔

پریزنٹیشن کے مطابق یورپی انویسٹمنٹ بینک نے دو منصوبوں کے لیے 160 ملین یورو کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کیے۔ مزید برآں، ایس آئی ایف سی نے 11 شعبوں میں سرمایہ کاری کے 38 مواقع کی نشاندہی کی ہے، جن میں مجوزہ سرمایہ کاری کا حجم 21 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

ان شعبوں میں صنعت و پیداوار، کان کنی، تیل و گیس، ریلوے، سڑکیں، بندرگاہیں، بجلی، آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، ادویہ سازی، صحت، سیاحت، غذائی تحفظ اور زراعت شامل ہیں۔

ایس آئی ایف سی کی پریزنٹیشن میں بتایا گیا ہے کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف ممالک اور خطوں میں کنٹری ڈیسک بھی کام کر رہے ہیں۔ ان میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، مشرقِ بعید، قطر، کویت، یورپ، امریکا، وسطی ایشیا، روس، مشرقِ وسطیٰ اور افریقا شامل ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت