بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ کرانے کے معاملے پر ٹیکساس کے گورنر کے خلاف مقدمہ دائر

قومی خبریں
عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ کرانے کے معاملے پر ٹیکساس کے گورنر کے خلاف مقدمہ دائر

امریکی ریاست ٹیکساس میں عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ کرانے کے معاملے پر گورنر گریگ ایبٹ اور گرینڈ پریری کی انتظامیہ کے خلاف وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا گیا ہے۔

کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR) اور اس کی ٹیکساس شاخ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تقریب منسوخ کرانے کے لیے حکومتی دباؤ مذہبی آزادی اور امریکی آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ تقریب کی منتظم ڈاکٹر امینہ نائٹ کے مطابق حکومتی اقدامات سے مذہبی آزادی کا آئینی حق متاثر ہوا۔

رپورٹس کے مطابق گریگ ایبٹ نے گرینڈ پریری انتظامیہ کو خبردار کیا تھا کہ اگر ایپک واٹرز واٹر پارک میں عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ نہ کی گئی تو شہر کو ملنے والی 5 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی سرکاری گرانٹس روک دی جائیں گی۔ اس کے بعد انتظامیہ نے تقریب منسوخ کردی تھی۔

دوسری جانب ٹیکساس میں مسلم تنظیموں سے متعلق گورنر کے اقدامات بھی قانونی کارروائیوں کا سبب بنے ہیں۔ نومبر 2025 میں ایبٹ نے CAIR کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے خلاف تنظیم نے عدالت سے رجوع کیا۔

رپورٹس کے مطابق نومنتخب گورنر جینا ہینوہوزا نے CAIR کے خلاف جاری اعلامیہ واپس لینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ اٹارنی جنرل کین پیکسٹن نے بھی تنظیم کے خلاف دائر مقدمہ واپس لے لیا ہے۔ ہینوہوزا 19 جنوری 2027 کو گورنر ٹیکساس کا عہدہ سنبھالیں گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت