بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کی ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں: صدر ٹرمپ

قومی خبریں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے ممکنہ حملے سے متعلق اطلاعات کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن ایسی رپورٹس کا جائزہ لے رہا ہے، تاہم فی الحال کسی فوری خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی، ایران ایک غیر متوقع ملک ہے اور اس کی سرگرمیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

منیلا میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے امریکی ذرائع ابلاغ کی اس رپورٹ کے بارے میں سوال کیا گیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران واشنگٹن میں امریکی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کو ڈرٹی بم کے ذریعے نشانہ بنانے کے منصوبے تیار کررہا ہے۔

امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے امریکا پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو اسے انتہائی سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے خلاف کسی بھی جارحیت کی صورت میں ایران کو ایسی قیمت ادا کرنا پڑے گی جو تاریخ میں کسی دوسرے ملک نے نہیں چکائی ہوگی، تاہم موجودہ صورتحال میں کسی فوری حملے کا خطرہ نہیں ہے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایران ایسے منصوبوں پر غور کررہا ہے جن کے ذریعے ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو واشنگٹن میں نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں ساتھ ہی واضح کیا گیا تھا کہ ان منصوبوں سے کسی فوری حملے کے امکانات ظاہر نہیں ہوتے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ ان دنوں فلپائن کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے جنوب مشرقی ممالک کی تنظیم (آسیان) کی سالانہ کانفرنس میں مختصر شرکت کی۔ دورے کے بعد امریکی صدر چین کے شہر شینزن میں ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) فورم کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت