بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کے ’ڈرٹی بم‘ حملے سے امریکا کو فوری خطرہ لاحق نہیں: مارکو روبیو

قومی خبریں
ایران کے ’ڈرٹی بم‘ حملے سے امریکا کو فوری خطرہ لاحق نہیں: مارکو روبیو

امریکا نے ایران کی جانب سے ڈرٹی بم حملے کے ممکنہ خطرے سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فی الحال اسے تہران کی طرف سے کسی فوری خطرے کا سامنا نہیں ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض خفیہ اداروں کے ذرائع غلط اور بے بنیاد معلومات پھیلا رہے ہیں جب کہ ان کی جانب سے پیش کیے جانے والے بعض دعوے حقائق کے بجائے قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔

ان کا یہ بیان امریکی نشریاتی ادارے کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ ایران ڈرٹی بم کے ذریعے حملے کی منصوبہ بندی کرسکتا ہے۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ بعض ذرائع نہ صرف گمراہ کن معلومات فراہم کر رہے ہیں بلکہ یہ بھی ممکن ہے کہ ان کی جانب سے پیش کی جانے والی کچھ تفصیلات جزوی طور پر درست ہوں، تاہم خفیہ معلومات کو غیر ذمہ دارانہ انداز میں عام کرنا بھی مناسب نہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں فضائی سفر، بینکاری اور قومی سلامتی کے نظام میں پیش آنے والی تکنیکی خرابیوں کے درمیان باہمی تعلق ثابت کرنے کے لیے واشنگٹن کے پاس کوئی شواہد موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح ایسے کسی ثبوت کی بھی نشاندہی نہیں ہوئی جس سے یہ ظاہر ہو کہ ان واقعات کے پیچھے کوئی شرپسند عناصر یا منظم گروہ سرگرم ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت