بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پشاور میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے خودکار ای چالان سسٹم متعارف

قومی خبریں
پشاور میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے خودکار ای چالان سسٹم متعارف

پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جدید خودکار ای چالان نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔

اس نظام کے تحت خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی شناخت کرکے مالکان کو آن لائن چالان جاری کیے جائیں گے۔

پولیس حکام کے مطابق سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، رانگ سائیڈ گاڑی چلانے، سگنل توڑنے اور موٹر سائیکل پر ہیلمٹ استعمال نہ کرنے سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد ہوں گے۔ ڈی آئی جی آئی ٹی خیبر پختونخوا اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خلاف ورزیوں کی خودکار نگرانی اور ذمہ دار افراد کی نشاندہی کی جائے گی۔

ایس ایس پی ٹریفک پشاور ڈاکٹر زاہد رفیق کے مطابق نگرانی کا نیا نظام فعال ہونے سے ٹریفک قوانین توڑنے والوں کے خلاف کارروائی ممکن ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا چکی ہیں، تاہم کسی شہری کو تاحال چالان جاری نہیں کیا گیا۔

پولیس کے مطابق منظوری ملنے کے بعد ابتدائی مرحلے میں 6 اقسام کی خلاف ورزیوں پر خودکار چالان جاری کرنے کا عمل شروع ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کا مقصد ٹریفک قوانین پر عمل درآمد بہتر بنانا اور شہریوں میں قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت