بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بلاول صوبوں کی مخالفت کرکے کراچی کو اس کے حق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں، ایم کیو ایم

قومی خبریں
بلاول صوبوں کی مخالفت کرکے کراچی کو اس کے حق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں، ایم کیو ایم

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ زرداری خاندان کے چشم و چراغ حکومت اور ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کریں۔ اگر پورے ملک میں نئے صوبے بنانے کی بات کی جارہی ہے تو کراچی اور شہری سندھ میں ہی اس معاملے پر مخالفت اور خون ریزی کی دھمکیاں کیوں دی جارہی ہیں؟ نئے صوبوں کا قیام آئینی تقاضا ہے اور اس پر بات کرنے پر مشتعل ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم اعتراف جرم کرنے پر بلاول زرداری کے مشکور ہیں، اگر ملک کے دیگر حصوں میں نئے صوبے بنائے جانے کی بات ہوتی ہے تو کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں میں ہی خون ریزی کی بات کیوں کی جاتی ہے؟ کیا شہری سندھ کے عوام کو اپنے انتظامی اور سیاسی مستقبل کے بارے میں بات کرنے کا حق حاصل نہیں؟

ترجمان متحدہ نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام ایک آئینی تقاضا ہے اور اس معاملے پر سیاسی و جمہوری انداز میں گفتگو کی جاسکتی ہے، لیکن اس مطالبے پر آگ بگولا ہونا اور مخالفت کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ سندھ کے شہری علاقوں کی اکثریت سندھ سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے، اس لیے بلاول زرداری کو بھی سندھ کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرنی چاہیے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ متحدہ کو پیپلز پارٹی کی بے چینی کا اندازہ ہے، سندھ کے شہری علاقوں کو مزید لوٹ کا مال نہیں بننے دیا جائے گا۔ شہری علاقوں کے عوام کے حقوق، وسائل اور ترقیاتی ضروریات کو مسلسل نظرانداز نہیں کیا جاسکتا،نئے صوبوں کے مطالبے کو سیاسی مخالفت کے بجائے عوامی اور آئینی حق کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

متحدہ کے ترجمان نے 27ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر بھی بلاول زرداری سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کو آگاہ کریں کہ ترمیم کی مخالفت کرنے والے اس کی حمایت میں ووٹ کیوں دے رہے تھے؟ سیاسی جماعتوں کے بیانات اور پارلیمانی اقدامات میں تضاد کے حوالے سے عوام کو وضاحت ملنی چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ بلاول نے متحدہ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کرپشن کو ملک کی تباہی کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا ہے، کیا وہ گزشتہ 18 سال سے سندھ پر حکمرانی کرنے والی پیپلز پارٹی کی حکومتوں کے دور میں ہونے والی مبینہ بدعنوانی اور بدانتظامی کے بارے میں بھی قوم کو آگاہ کریں گے؟

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام طویل عرصے سے بنیادی سہولتوں، ترقیاتی منصوبوں، شہری انفرااسٹرکچر اور انتظامی مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ شہری سندھ کے عوام اپنے حقوق اور وسائل میں جائز حصے کا مطالبہ کررہے ہیں، جسے سیاسی دباؤ یا مخالفت کے ذریعے دبایا نہیں جاسکتا۔

متحدہ کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ زرداری خاندان کے چشم و چراغ حکومت اور ریاست کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بند کریں اور نئے صوبوں کے معاملے پر سیاسی اشتعال انگیزی کے بجائے آئینی اور جمہوری طریقے سے اپنا مؤقف پیش کریں، متحدہ شہری سندھ کے حقوق اور نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت