جماعت اسلامی کے ٹاؤنز عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، منعم ظفر

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا مؤقف واضح ہے کہ انتظامی یونٹس کی تشکیل اور اختیارات کی تقسیم آئینی دائرہ کار کے تحت ہونی چاہیے۔ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے محدود وسائل اور اختیارات کے باوجود کراچی کے 9 ٹاؤنز میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں جبکہ سندھ میں 18 سال سے برسرِ اقتدار پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت تمام وسائل اور اختیارات رکھنے کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ اور ٹاؤن چیئرمین لانڈھی عبدالجمیل کے ہمراہ لانڈھی نمبر 5 میں قائم مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر اور لانڈھی ٹاؤن کی نو تعمیر شدہ عمارت کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے محدود وسائل میں بھی صحت کے شعبے میں نمایاں کام کر رہے ہیں۔ مختلف ٹاؤنز میں پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹرز اور ماں اور بچے کی صحت کے مراکز کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات میسر آسکیں۔ اگر جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے محدود وسائل اور اختیارات میں یہ کام کر سکتے ہیں تو پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت، جس کے پاس تمام وسائل اور اختیارات موجود ہیں، عوام کو یہ سہولیات کیوں فراہم نہیں کر سکتی؟
انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ حکومت یہ بھی بتائے کہ کراچی میں کتنے بنیادی مراکز صحت فعال ہیں اور کتنے غیر فعال پڑے ہوئے ہیں۔ لانڈھی کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر میں ڈاکٹروں کی بھرتی بھی ٹاؤن انتظامیہ نے اپنے وسائل سے نجی طور پر کی ہے جبکہ صوبائی حکومت اس بنیادی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے بھی تیار نہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی کے عوام بھاری ٹیکس ادا کرتے ہیں اور یہ شہر نہ صرف صوبے بلکہ پورے پاکستان کی معیشت چلانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ صوبائی بجٹ کی فراہمی میں بھی کراچی کا بڑا حصہ ہے، اس لیے ہمارا واضح مطالبہ ہے کہ کراچی کے عوام سے وصول کیا جانے والا ٹیکس اسی شہر کی تعمیر و ترقی اور بنیادی سہولیات پر خرچ کیا جائے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ قابض میئر مرتضیٰ وہاب اپنے زیر انتظام 13 ٹاؤنز میں سے کوئی ایک ایسا ٹاؤن دکھا دیں جہاں ماں اور بچے کی صحت کے لیے ایسی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہوں جیسی جماعت اسلامی کے لانڈھی ٹاؤن نے فراہم کی ہیں۔ اسی طرح گلبرگ ٹاؤن میں قائم پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹر اور گلشن اقبال ٹاؤن کے میڈیکل سینٹر جیسی سہولیات اگر ان کے کسی ٹاؤن میں موجود ہیں تو عوام کو بتایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پیپلز پارٹی کو عوامی خدمت کے میدان میں مقابلے کی دعوت دیتی ہے۔ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے گزشتہ 3 سال کے دوران اپنے ٹاؤنز میں عوامی خدمت کے لیے جو کام کیے ہیں، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مل کر بھی گزشتہ 18 سال میں ایسی کارکردگی نہیں دکھا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیارات اور مناسب وسائل فراہم نہیں کیے جائیں گے، اس وقت تک بااختیار شہری حکومت قائم نہیں ہوسکے گی اور کراچی کے مسائل بھی حل نہیں ہوں گے۔ کراچی بہتر ہوگا تو پورا پاکستان بہتر ہوگا۔ جماعت اسلامی بااختیار بلدیاتی حکومتوں کے قیام اور کراچی کے وسائل کراچی کو منتقل کرنے کے لیے اپنی جدوجہد اور حق دو کراچی تحریک جاری رکھے گی۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت گزشتہ 18 سال سے سندھ میں برسر اقتدار ہے لیکن اس نے اپنے ہی منتخب میئر کو اختیارات سے محروم کر رکھا ہے۔ یہاں تک کہ شہر کی صفائی کے اختیارات بھی میئر کے پاس نہیں ہیں۔ جب منتخب نمائندوں کو بنیادی شہری مسائل حل کرنے کے اختیارات نہیں دیے جائیں گے تو ایسی ہی صورت حال میں انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کی تشکیل کی آوازیں بلند ہوتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق دیے جائیں، بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جائے اور شہر کے وسائل شہر ہی پر خرچ کیے جائیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت