فضائی سفر کے دوران طیارہ شدید جھٹکوں کی زد میں آگیا، 5 مسافر متاثر

واشنگٹن: امریکی فضائی کمپنی جیٹ بلیو کی پورٹو ریکو سے امریکی ریاست فلوریڈا جانے والی پرواز دوران سفر شدید فضائی جھٹکوں کی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے یا انہیں طبی معائنے کی ضرورت پیش آئی۔ واقعے کے بعد طیارے کو ہنگامی امدادی انتظامات کے تحت بحفاظت ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب جیٹ بلیو کی پرواز نمبر 1717 پورٹو ریکو کے شہر پونسے سے فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ہوائی اڈے کی جانب سفر کررہی تھی۔ دوران پرواز طیارے کو اچانک شدید فضائی جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑا، جس سے طیارے میں موجود مسافروں اور عملے کے بعض ارکان متاثر ہوئے۔
براؤورڈ کاؤنٹی کے شیرف آفس کے محکمہ فائر اینڈ ریسکیو کے مطابق صبح 6 بج کر 25 منٹ پر طیارے میں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیموں کو فوری طور پر فورٹ لاڈرڈیل ہوائی اڈے روانہ کردیا گیا تاکہ طیارے کی آمد پر متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی جاسکے۔
حکام کے مطابق طیارے نے صبح تقریباً 6 بج کر 58 منٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ لینڈنگ کے بعد طیارے کو ہوائی اڈے کے تیسرے ٹرمینل پر منتقل کردیا گیا، جہاں امدادی اہلکار پہلے ہی موجود تھے اور انہوں نے متاثرہ افراد کی حالت کا جائزہ لیا۔
امدادی عملے نے مجموعی طور پر 5 ایسے افراد کی نشاندہی کی جنہوں نے فضائی جھٹکوں کے باعث زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی یا جنہیں احتیاطی طور پر طبی معائنے کی ضرورت تھی۔ ان میں مسافر اور فضائی عملے کے ارکان شامل تھے۔ تاہم تمام متاثرہ افراد نے قریبی اسپتالوں میں منتقل ہونے سے انکار کردیا۔
حکام نے مزید بتایا کہ شدید فضائی جھٹکوں کے باوجود طیارے کے ڈھانچے کو کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور طیارے نے بحفاظت اپنی منزل پر لینڈنگ کی۔
فضائی سفر کے دوران اچانک آنے والے شدید جھٹکے مسافروں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، خصوصاً اس وقت جب مسافر اپنی نشستوں پر موجود نہ ہوں یا حفاظتی بیلٹ نہ باندھے ہوئے ہوں۔ ایسے واقعات میں مسافروں کے زخمی ہونے کے علاوہ فضائی عملے کے ارکان بھی متاثر ہوسکتے ہیں کیونکہ وہ دوران پرواز مسافروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے طیارے میں حرکت کرتے رہتے ہیں۔
واقعے کے بعد طیارے میں سوار مسافروں اور عملے کی حفاظت سے متعلق امدادی اقدامات کیے گئے، حکام کی جانب سے فضائی جھٹکوں کی شدت اور ان کی وجوہات کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت