روسی فوجی طیارہ مغربی سائبیریا میں گر کر تباہ،17 افراد ہلاک

ماسکو: روس کے جنوب مغربی سائبیریا کے علاقے کیمیروو میں فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ این-12 (An-12) گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 17 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ کیمیروو کے علاقے میں واقع گاؤں یاگونووو (Yagunovo) کے قریب پیش آیا۔ طیارے کی شناخت فوجی ٹرانسپورٹ طیارے این-12 کے طور پر کی گئی ہے۔
کیمیروو کے گورنر الیا سیریڈیوک نے طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں فضائی حادثہ پیش آیا ہے اور امدادی اداروں کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
روسی میڈیا اداروں ازویستیا اور دیگر ذرائع نے رپورٹ کیا ہے کہ حادثے میں طیارے میں سوار تمام 17 افراد ہلاک ہوگئے، تاہم مقامی حکام کی جانب سے تاحال ہلاکتوں کی تعداد کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ پرواز کے دوران آگ کی لپیٹ میں آگیا تھا، جس کے بعد وہ تیزی سے نیچے آیا اور زمین سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق طیارہ نووسیبیرسک سے کانسک کی جانب پرواز کر رہا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت