جی ٹی اے 6 کی ریلیز پر بھارتی کمپنی کا ملازمین کو چھٹی دینے کا فیصلہ
دنیا بھر میں ویڈیو گیم کے شوقین افراد کو جس نئی گیم کا طویل عرصے سے انتظار ہے، اس کی آمد نے ملازمت پیشہ افراد میں بھی خاصا جوش و خروش پیدا کردیا ہے، یہاں تک کہ بھارت کی ایک کمپنی نے اپنے عملے کو نئی گیم کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے باقاعدہ تعطیل دینے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کمپنی ’انڈے بائی چیئرز کارٹے‘ نے 19 نومبر کو اپنے تمام ملازمین، زیر تربیت افراد اور آزادانہ طور پر خدمات انجام دینے والے کارکنوں کو چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد عملے کو اپنی پسندیدہ ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ سے بھرپور لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ کی ایپلیکیشن انسٹاگرام پر کمپنی کے بانی اور سربراہ کشور شنموگم نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملازمین گزشتہ کئی برس سے اس گیم کی آمد کے منتظر ہیں، اسی لیے اس کی رونمائی کے موقع پر دفتر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عملے کو اپنی پسندیدہ سرگرمی کے لیے وقت مل سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے بچپن میں ’جی ٹی اے وائس سٹی‘ اور ’جی ٹی اے 5‘ جیسی مقبول گیمز کھیلی ہیں، تاہم اب 13 برس کے طویل انتظار کے بعد اس سلسلے کی نئی گیم سامنے آنے والی ہے، جو ان کے لیے کسی خاص موقع سے کم نہیں۔
دوسری جانب ویڈیو گیمز کے شوقین ملازمین کے لیے سہولت متعارف کرانے والی کمپنیوں میں کمپیوٹر اور کھیلوں کے آلات تیار کرنے والی معروف کمپنی ’لاجی ٹیک‘ بھی شامل ہوگئی ہے، جس نے اپنے تقریباً 7 ہزار ملازمین کے لیے ’لاجی گیم ڈے‘ کے نام سے خصوصی چھٹی کی سہولت متعارف کرائی ہے۔
اس پالیسی کے تحت کمپنی کے ملازمین آئندہ 12 ماہ کے دوران ویڈیو گیمز کھیلنے اور اس مشغلے سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپنی مرضی سے ایک دن کی چھٹی حاصل کرسکیں گے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ یہ سہولت صرف ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کھیلنے تک محدود نہیں بلکہ ملازمین اپنی پسند کی کسی بھی ویڈیو گیم کے لیے اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت