منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

قومی خبریں
مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا پائیدار اور منصفانہ حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق تلاش کیا جانا چاہیے۔ پاکستان کا مؤقف واضح ہے اور حکومت و عوام فلسطینی قوم کے حقِ خودارادیت اور آزاد و خودمختار ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حماس کی قیادت سے تعلق رکھنے والے فلسطینی رہنماؤں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین سے ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورتِ حال، اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام کو درپیش انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا۔

فلسطینی وفد میں فلسطینی قانون ساز کونسل کے رکن ڈاکٹر مروان ابو راس، فرینڈز آف فلسطین پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بلال استل، عالمی اتحاد برائے نصرتِ القدس و فلسطین کے نمائندے ڈاکٹر زیاد ابو زید اور شیخ محمود الشوبکی شامل تھے۔ وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں حماس کے دفتر کے نمائندے رضوان آفریدی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق، حقِ خودارادیت اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا حل انصاف، عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

اس موقع پر فلسطینی وفد کے ارکان نے فلسطین کی موجودہ صورتِ حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ فلسطینی قوم کی آزادی، خودمختاری اور اپنی سرزمین پر جائز حقوق کا معاملہ ہے۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ فلسطینی عوام نے اپنی سرزمین اسرائیل کے حوالے نہیں کی بلکہ اسرائیلی قبضہ اور جبری بے دخلی فلسطینی المیے کی بنیادی وجوہات ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بے گھر خاندانوں اور شہری آبادی کو درپیش مشکلات پر بھی روشنی ڈالی۔

فلسطینی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا حقیقی اور دیرپا حل فلسطینی قوم کی مکمل آزادی، خودمختاری اور اپنے وطن پر جائز حقوق کی بحالی میں مضمر ہے۔

انہوں نے امت مسلمہ، بالخصوص پاکستان، سے اپیل کی کہ فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے اور فلسطین کی آزادی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔ وفد کے ارکان نے پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطینی کاز کے لیے مسلسل حمایت اور یکجہتی کو بھی سراہا۔

ملاقات میں اسلامی نظریاتی کونسل کے ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر غلام دستگیر شاہین اور سینئر ریسرچ آفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد بھی موجود تھے۔

ملاقات کے اختتام پر علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے فلسطینی وفد کے ارکان کو اسلامی نظریاتی کونسل کی منتخب مطبوعات پیش کیں، جبکہ وفد کی جانب سے چیئرمین کونسل اور ڈائریکٹر جنرل ریسرچ کو فلسطینی شالیں بطور تحفہ پیش کی گئیں

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین سے فلسطینی رہنماؤں کی ملاقات

بشکریہ روزنامہ جسارت