منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کے خلاف سری لنکن ٹیم صرف 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی

قومی خبریں
دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کے خلاف سری لنکن ٹیم صرف 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی

پاکستانی بولرز نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے پوری ٹیم محض 98 رنز پر ڈھیر کردی، قومی ٹیم کے تین فاسٹ بولرز نے 3،3 وکٹیں حاصل کرکے حریف بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔

سری لنکا کی جانب سے کوشال مینڈس 32 رنز کے ساتھ اننگز کے نمایاں بلے باز رہے جبکہ سونل دینوشا نے 21 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑی پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ پسیندو سوریا بندارا 4، دنیش چندی مل 7، کمندو مینڈس 8، لاہیرو ادرا 4 اور دھننجیا ڈی سلوا صرف 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے رضا اللہ، محمد عباس اور عامر جمال نے غیر معمولی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی بولرز کی ابتدائی تباہ کن کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سری لنکا کی آدھی ٹیم 50 رنز مکمل ہونے سے پہلے ہی آؤٹ ہوچکی تھی۔

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا تھا۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ حریف ٹیم کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے۔ پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی بھی کی گئی اور عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو حتمی ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔ اس مقابلے میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کردی تھی، جس کے جواب میں سری لنکا نے 446 رنز بنائے تھے۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے ثاقب خان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے تھے۔ ثاقب خان کو شاندار بولنگ پر پہلے ٹیسٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران ٹیموں کی نقل و حرکت اور سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر میٹرو بس سروس کے 3 اسٹیشن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق ٹیموں کی آمد و رفت کے وقت سروس عارضی طور پر معطل رکھی جائے گی، جبکہ میچ کے دوران ختم نبوت، فیض آباد اور سکستھ روڈ اسٹیشن مکمل طور پر بند رہیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر مذکورہ اسٹیشنوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنایا جاسکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت