منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سسٹم تباہ نہیں ہوا اسے تباہ کرایا گیا، ری سیٹ غیر سیاسی نہیں سیاسی ہونا چاہیے: بلاول بھٹو

قومی خبریں
سسٹم تباہ نہیں ہوا اسے تباہ کرایا گیا، ری سیٹ غیر سیاسی نہیں سیاسی ہونا چاہیے: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں سیاسی اور ادارہ جاتی بحران کے خاتمے کے لیے نظام کی ازسرنو تشکیل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ نظام خودبخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہی سے دوچار کیا گیا، اس صورتحال سے نکلنے کا راستہ کسی غیر سیاسی اقدام کے بجائے سیاسی تبدیلی اور پارلیمان سے اصلاحات کے آغاز میں ہے۔

کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کا نظام بری طرح متاثر ہوچکا ہے، تاہم اس کی وجوہات پر سنجیدگی سے بات نہیں کی جارہی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نظام کو نئے سرے سے ترتیب دیا جائے تاکہ ہر شہری کو اس کا جائز حق مل سکے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نظام کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری میں وہ خود بھی شریک ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملک کو کسی غیر سیاسی تبدیلی کی نہیں بلکہ ایک سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے اور اس عمل کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق حزب اختلاف کو موجودہ پارلیمانی نظام پر اعتماد نہیں رہا، اس لیے حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ حزب اختلاف کے تحفظات دور کرکے ایوان میں اس کا اعتماد بحال کرے۔

انہوں نے سیاسی کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا، یہ کام آج نہیں تو کل کرنا ہی پڑے گا۔ حکومت کو تحریک انصاف سے رابطہ کرکے مذاکرات کی راہ نکالنی چاہیے۔ اگر تحریک انصاف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون اور اس کے خاتمے کے لیے تیار ہے تو صوبے میں گورنر راج کے خاتمے کی راہ بھی ہموار ہوسکتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے کہا کہ ان کا حکومت پر تنقید کرنا بالکل درست ہے، کیونکہ یہ حزب اختلاف کی ذمہ داری ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرکے ان کا اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے دور میں اہم سیاسی کردار ادا کیا تھا اور ان کے تعاون کے بغیر موجودہ حکمرانوں کا اقتدار میں آنا ممکن نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہییں۔

پارلیمانی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے آئینی ترامیم کی منظوری کے طریقہ کار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف سے مخصوص نشستیں چھین کر 2 آئینی ترامیم منظور کرائی گئیں اور اب تیسری ترمیم کی تیاری کی جارہی ہے۔ 26 ویں آئینی ترمیم مکمل اتفاق رائے سے منظور نہیں ہوئی تھی، تاہم اسے باہمی رضامندی کے ذریعے منظور کرایا گیا، جبکہ 27 ویں آئینی ترمیم کے معاملے میں نہ اتفاق رائے حاصل کیا گیا اور نہ ہی باہمی رضامندی کا راستہ اختیار کیا گیا بلکہ جبری اکثریت کے ذریعے اسے منظور کرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد سینئر ججوں کے استعفے سامنے آئے، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ عدلیہ کے بعض سینئر ارکان کا نظام پر اعتماد باقی نہیں رہا۔ ان کے مطابق ملک میں اداروں کی ساکھ بحال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ سب سے پہلے عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کیا جائے، کیونکہ مختلف ادارے وقت کے ساتھ اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمان اور ذرائع ابلاغ کو جمہوری نظام کے اہم ترین ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمان ملک کا طاقت ور ترین ادارہ ہے، جہاں ہر قومی معاملے پر اختلاف رائے کی گنجائش ہونی چاہیے۔ ارکان کو ایوان میں حکومتی پالیسیوں اور دیگر معاملات پر کھل کر اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہے، لیکن بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ حزب اختلاف کو پارلیمان پر ہی اعتماد نہیں رہا۔ اس اعتماد کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ذرائع ابلاغ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ شاید پاکستان کی تاریخ میں ذرائع ابلاغ اس قدر کمزور کبھی نہیں ہوئے جتنے آج دکھائی دیتے ہیں۔ اگر صحافیوں کو یہ خوف لاحق ہو کہ سچ بیان کرنے پر ان کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے تو وہ آزادانہ طور پر اپنی ذمہ داریاں کیسے ادا کریں گے۔ صحافیوں کو وہ اختیار اور آزادی حاصل ہونی چاہیے جو ان کا بنیادی حق ہے۔

ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے خراب معاشی حالات نہیں دیکھے۔ مہنگائی جس رفتار سے بڑھ رہی ہے، اس میں عام آدمی کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔ انہیں سب سے زیادہ تشویش اس بات کی ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں غریب اور پسماندہ طبقے کا گزر بسر کس طرح ممکن ہوگا۔

انہوں نے سیاسی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کے سیاست دان عوامی مسائل کو پس پشت ڈال چکے ہیں اور ان کی توجہ عوامی مشکلات حل کرنے کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست پر مرکوز ہے۔ سیاسی حلقوں میں ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی جاری ہے، لیکن مہنگائی، غربت اور عام شہریوں کی مشکلات پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جارہی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کرپشن کو پاکستان کا بنیادی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کسی کی سنجیدہ دلچسپی دکھائی نہیں دیتی۔ ان کے مطابق جب تک کرپشن کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کیے جاتے اور قومی وسائل کے تحفظ کو یقینی نہیں بنایا جاتا، اس وقت تک عوامی مسائل کا پائیدار حل ممکن نہیں ہوگا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت