دماغی سرجری کے بعد مریض کو ہر انسان میں بلی دکھائی دینے لگی

ایک نوجوان کی زندگی دماغ کی سرجری کے بعد غیر معمولی طور پر تبدیل ہوگئی، اسے لوگوں کے چہرے ان کی اصل شکل میں دکھائی دینے کے بجائے بلیوں جیسے محسوس ہونے لگے۔ بعض افراد کی آنکھیں اسے بلی کی آنکھوں کی طرح بڑی اور ان کی پتلیاں غیر معمولی طور پر پھیلی ہوئی دکھائی دیتی ہیں، جبکہ چہروں کی جلد پر بلی کے بالوں جیسے نشانات بھی نظر آتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض اوقات اسے اپنی پالتو بلی کے چہرے میں بھی انسانوں کے خدوخال دکھائی دینے لگتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ حیران کن معاملہ 28 سالہ کارل کا ہے، جو دماغ کی سرجری کے بعد ایک انتہائی نایاب اعصابی کیفیت کا شکار ہوگیا۔ اس بیماری میں متاثرہ شخص کو دوسرے انسانوں کے چہرے اپنی حقیقی شکل میں دکھائی نہیں دیتے بلکہ ان کے مختلف خدوخال بدلے ہوئے، بگڑے ہوئے یا کسی دوسری مخلوق سے مشابہ محسوس ہوتے ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق کارل کے دماغ کے دائیں حصے میں خون کی شریانوں کی ایک غیر معمولی خرابی موجود تھی، جس میں شریانیں اور رگیں غیر فطری انداز میں آپس میں جڑ جاتی ہیں۔ طبی اصطلاح میں اس کیفیت کو آرٹیریو وینس میل فارمیشن (اے وی ایم) کہا جاتا ہے۔ اس عارضے کے علاج کے لیے ڈاکٹروں نے اس کے دماغ کی سرجری کی، تاہم آپریشن کے بعد اسے چہروں کی شناخت سے متعلق ایک غیر معمولی مسئلے کا سامنا کرنا پڑا۔
سرجری کے دوران دماغ کا جس حصے پر عمل کیا گیا، وہ چہروں کو پہچاننے اور ان کی مختلف خصوصیات کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسی حصے میں آنے والی تبدیلی کے بعد کارل کے دیکھنے کا انداز متاثر ہوا اور اسے اپنے سامنے موجود افراد کے چہرے غیر معمولی شکلوں میں دکھائی دینے لگے۔
کارل کے مطابق بعض لوگوں کی آنکھیں اسے بلی جیسی نظر آتی ہیں، جبکہ ان کی پتلیاں بھی معمول سے کہیں زیادہ بڑی محسوس ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ چہروں کی رنگت اور جلد کی ساخت میں بھی اسے تبدیلی دکھائی دیتی ہے۔ بعض افراد کے چہروں پر ایسے نشانات نمایاں ہوتے ہیں جیسے ان کی جلد پر بلی کے بال اگے ہوئے ہوں۔
اس بیماری کا ایک اور حیران کن پہلو یہ ہے کہ کارل کے لیے یہ مسئلہ صرف انسانی چہروں تک محدود نہیں رہا۔ بعض مواقع پر جب وہ اپنی پالتو بلی کو دیکھتا ہے تو اس کے چہرے میں بھی اسے اپنے جاننے والے انسانوں کی آنکھیں اور دیگر خدوخال دکھائی دینے لگتے ہیں۔ کبھی ایک شخص کے چہرے کی خصوصیات اسے کسی دوسرے فرد کے چہرے میں بھی نظر آتی ہیں، جس سے چہروں کی شناخت مزید پیچیدہ ہوجاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سرجری کے تقریباً 2 سال گزرنے کے باوجود کارل میں یہ غیر معمولی کیفیت برقرار ہے۔ بعض اوقات اسے کئی گھنٹوں تک لوگوں کے چہرے بدلے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ کچھ مواقع پر یہ کیفیت پورا دن بھی جاری رہتی ہے۔
اس نایاب طبی معاملے کا مطالعہ کرنے والے ڈارٹ ماؤتھ کالج کے پروفیسر بریڈ ڈوچین نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ کارل اس کیفیت سے نجات حاصل کرنا چاہتا ہے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس نے اس غیر معمولی صورت حال کے ساتھ زندگی گزارنے کا طریقہ سیکھ لیا ہے۔
چہروں کو بدلا ہوا دکھانے والی نایاب بیماری کیا ہے؟
طبی ماہرین اس کیفیت کو پروسوپو میٹامورفوپسیا (پی ایم او) کا نام دیتے ہیں۔ یہ ایک انتہائی نایاب اعصابی عارضہ ہے جس میں متاثرہ شخص کو دوسرے لوگوں کے چہرے اصل حالت میں دکھائی نہیں دیتے بلکہ ان کے مختلف حصوں کی شکل، جسامت اور ترتیب بدلی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔
اس بیماری میں کسی فرد کی آنکھیں غیر معمولی طور پر بڑی یا چھوٹی دکھائی دے سکتی ہیں، جبکہ بعض اوقات پورا چہرہ کھنچا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ اسی طرح ناک، منہ اور چہرے کے دیگر خدوخال بھی اپنی اصل جگہ سے ہٹے ہوئے یا تبدیل شدہ نظر آسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق انسانی دماغ مختلف افراد کے چہروں اور ان کی خصوصیات کو یاد رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کارل کے معاملے میں دماغ میں محفوظ چہروں کی یادداشتیں اس وقت متحرک ہوجاتی ہیں جب وہ کسی دوسرے انسان یا اپنی پالتو بلی کو دیکھتا ہے۔ اس دوران دماغ میں پہلے سے محفوظ چہرے کے خدوخال سامنے موجود چہرے کے ساتھ مل جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں اسے حقیقی چہرے کے بجائے مختلف افراد کی خصوصیات کا امتزاج دکھائی دیتا ہے۔
اس بیماری سے متاثرہ افراد کو کن مشکلات کا سامنا ہوتا ہے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نایاب کیفیت کے باعث متاثرہ افراد کی سماجی زندگی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ انہیں دوسروں کے چہرے پہچاننے اور ان سے معمول کے مطابق میل جول رکھنے میں دشواری پیش آتی ہے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ سامنے موجود شخص کا حقیقی چہرہ وہ نہیں جو انہیں دکھائی دے رہا ہے۔
اس کے علاوہ ایسے افراد اکثر اپنی کیفیت دوسروں کے سامنے بیان کرنے سے بھی ہچکچاتے ہیں۔ انہیں خدشہ ہوتا ہے کہ لوگ ان کی بات کو سنجیدگی سے نہیں لیں گے یا ان کی غیر معمولی شکایت کو ذہنی بیماری سمجھ بیٹھیں گے۔
کارل کا معاملہ اس بات کی ایک غیر معمولی مثال ہے کہ دماغ کے مخصوص حصوں میں ہونے والی تبدیلیاں انسان کی بصری صلاحیتوں، چہروں کی شناخت اور اردگرد کی دنیا کو سمجھنے کے انداز پر کس قدر گہرے اثرات مرتب کرسکتی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت