منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کا بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم پر ڈرون حملے کا دعویٰ

قومی خبریں
ایران کا بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم پر ڈرون حملے کا دعویٰ

تہران: ایران کی عسکری تنظیم اسلامک پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگی ڈرونز نے بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر نصب امریکی فوج کے زیرِ استعمال ریڈار نظام کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی فورسز نے اس کارروائی کو اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے خلاف جوابی اقدام قرار دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی جنگی ڈرونز نے بحرین کے شیخ عیسیٰ فضائی اڈے پر موجود ریڈار تنصیب کو نشانہ بنایا۔ ایرانی فورسز کا مؤقف ہے کہ امریکی فوج کے ڈرونز کی جانب سے ایرانی فضائی حدود میں مسلسل مداخلت کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔

پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں حملے کو ایک درست نشانہ لگانے والا آپریشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام امریکی ڈرونز کی جانب سے فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزیوں کے ردعمل میں کیا گیا۔

تاہم ایرانی حکام کی جانب سے ریڈار نظام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ سامنے آنے کے باوجود حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان، تنصیب کی موجودہ حالت یا کسی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ دوسری جانب بحرین اور امریکی حکام کی طرف سے بھی تاحال ایرانی دعوے کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری فوجی کشیدگی کے تناظر میں خلیجی خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور دفاعی تنصیبات کی سلامتی ایک اہم معاملہ بن چکی ہے۔ ایسے حالات میں بحرین میں امریکی فوج کے زیرِ استعمال ریڈار نظام کو نشانہ بنانے کا ایرانی دعویٰ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاسی کرتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت