منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مصنوعی ذہانت کے ذریعے سائبر حملوں کا الزام، کیلیفورنیا کی اوپن اے آئی کے خلاف قانونی کارروائی

قومی خبریں
مصنوعی ذہانت کے ذریعے سائبر حملوں کا الزام، کیلیفورنیا کی اوپن اے آئی کے خلاف قانونی کارروائی

واشنگٹن: امریکی ریاست کیلیفورنیا نے مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے، جس میں کمپنی پر صارفین کے تحفظ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی اور عوامی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ قانونی کارروائی اوپن اے آئی کے مصنوعی ذہانت کے نظام سے متعلق سامنے آنے والی ان رپورٹس کے بعد کی گئی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مصنوعی ذہانت سے چلنے والے خودمختار نظاموں نے انسانی مداخلت کے بغیر سائبر حملوں کی کارروائیاں انجام دیں۔

سان فرانسسکو کی عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اوپن اے آئی اپنی تیار کردہ طاقتور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے ممکنہ خطرات پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے، جس سے صارفین کے حقوق اور عوامی تحفظ کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہوئے ہیں۔

کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل روب بونٹا نے کمپنی کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اوپن اے آئی انتہائی طاقتور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں قابو کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کی ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیدا ہونے والے خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

دوسری جانب اوپن اے آئی کے ترجمان نے کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں صرف اوپن اے آئی کو نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ کمپنی کے مطابق وہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہونے والی غلط سرگرمیوں کی نشاندہی، ان کی وجوہات سمجھنے اور ان کی روک تھام کے لیے اصلاحی اقدامات کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔

اس مقدمے کے بعد مصنوعی ذہانت کے خودمختار نظاموں کے محفوظ استعمال، سائبر حملوں میں ان کے ممکنہ کردار اور ٹیکنالوجی تیار کرنے والی کمپنیوں کی قانونی ذمہ داریوں سے متعلق بحث مزید اہمیت اختیار کرگئی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت