ٹرمپ انتظامیہ کا گرین کارڈ پروگرام پر نئی پابندیاں عائدکرنےکا منصوبہ

امریکی محکمہ محنت نے گرین کارڈ کے ایک پروگرام پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کردی ہے، جسے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے قانونی امیگریشن محدود کرنے کی ایک اور کوشش قرار دیا جارہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ محنت نے پیر کو گرین کارڈ کے پروگرام ’پرمننٹ لیبر سرٹیفکیشن پروگرام‘ (پی ای آر ایم) کے لیے نئی شرائط تجویز کی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت اعلیٰ مہارت کے حامل غیر ملکی کارکن امریکا میں مستقل رہائش حاصل کرسکتے ہیں۔
امریکا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اور بیرون ملک خدمات فراہم کرنے والے ادارے اس پروگرام کے تحت اپنے غیر ملکی ملازمین کے لیے ملازمت کی بنیاد پر گرین کارڈ حاصل کرتے ہیں، جس کے بعد عارضی ورک ویزے پر کام کرنے والے افراد مستقل امریکی رہائش کے اہل ہوجاتے ہیں۔
موجودہ طریقہ کار کے تحت کسی غیر ملکی شہری کو ملازمت دینے سے پہلے کمپنیوں کو ثابت کرنا ہوتا ہے کہ متعلقہ اسامی کے لیے امریکا میں مناسب اہلیت رکھنے والے اور دستیاب کارکن موجود نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں یہ بھی یقینی بنانا ہوتا ہے کہ غیر ملکی کارکن کی بھرتی سے اسی نوعیت کا کام کرنے والے امریکی شہریوں کی تنخواہوں یا ملازمت کے حالات متاثر نہیں ہوں گے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مجوزہ تبدیلیوں کے تحت آجروں کے لیے یہ ثابت کرنا مزید مشکل ہوجائے گا کہ غیر ملکی کارکن کی بھرتی سے امریکی ملازمین کے مفادات متاثر نہیں ہوں گے۔ نئی شرائط کا اطلاق ان شعبوں پر بھی کیا جائے گا جنہیں ماہر کارکنوں کی کمی کے باعث پہلے استثنیٰ حاصل تھا۔ ان شعبوں میں نرسیں اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل سائنس دان بھی شامل ہیں۔
یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین کارڈ پروگرام کو محدود کرنے کی تازہ ترین کوشش ہے۔ اسے انتظامیہ کی اس وسیع تر پالیسی کا حصہ قرار دیا جارہا ہے جس کا مقصد امریکا میں بیرون ملک پیدا ہونے والے افراد کی تعداد کم کرنے اور ان کے لیے مستقل رہائش اور امریکی شہریت کے حصول کے راستے محدود کرنا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت