ذیابیطس کے باعث دل کو لاحق ہونے والے 7 بڑے خطرات سامنے آگئے

ذیابیطس کو عموماً خون میں شکر کی مقدار بڑھنے سے منسلک بیماری سمجھا جاتا ہے، تاہم اس کے اثرات جسم کے دیگر اہم اعضا تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ذیابیطس کے مریض اگر صرف خون میں شکر کی سطح معمول پر رکھنے کو اپنی ترجیح بنائیں اور دل، گردوں اور خون کی نالیوں کی صحت پر توجہ نہ دیں تو انہیں دل کے دورے، فالج اور دیگر سنگین پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ماہرینِ امراضِ قلب نے بتایا کہ ذیابیطس کے مریضوں میں دل کی بیماریوں کا خطرہ کئی عوامل کے مجموعی اثرات سے بڑھتا ہے۔ ان میں بلند فشارِ خون، کولیسٹرول کی خرابی، انسولین کے خلاف مزاحمت، جسم میں مسلسل سوزش اور گردوں کی کارکردگی متاثر ہونا شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ شوگر کی سطح قابو میں ہونے کے باوجود بعض مریض دل کے امراض میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کے معمول کے علاج اور طبی معائنے میں دل اور خون کی نالیوں سے متعلق خطرات کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ صرف شکر کی مقدار جانچنے سے مریض کی مجموعی صحت اور مستقبل میں لاحق ہونے والے خطرات کا مکمل اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔
ذیابیطس دل کی بیماریوں کا سبب کیسے بنتی ہے؟
ماہرین کے مطابق ذیابیطس کے باعث خون میں چکنائی کا توازن بگڑ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں نقصان دہ کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائیڈز کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جبکہ مفید کولیسٹرول کم ہونے لگتا ہے۔ اس کیفیت میں شریانوں کی اندرونی دیواروں پر چکنائی اور دیگر مادے جمع ہونے لگتے ہیں، جس سے خون کی روانی متاثر ہوتی ہے۔
اگر شریانوں میں جمع ہونے والی یہ تہہ پھٹ جائے تو وہاں خون کا لوتھڑا بن سکتا ہے۔ یہ لوتھڑا دل یا دماغ کو خون پہنچانے والی شریان میں رکاوٹ پیدا کرسکتا ہے، جس کے نتیجے میں دل کا دورہ یا فالج لاحق ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
اس کے علاوہ بلند فشارِ خون بھی صورت حال کو مزید سنگین بنا سکتا ہے، کیونکہ مسلسل زیادہ دباؤ کے باعث دل کو خون کی گردش برقرار رکھنے کے لیے اضافی محنت کرنا پڑتی ہے اور شریانوں کو بھی نقصان پہنچنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے دل کی صحت کے 7 اہم خطرات
طبی ماہرین نے ذیابیطس کے شکار افراد کو ایسے 7 اہم عوامل پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے جو ان میں دل کی بیماریوں کے امکانات بڑھا سکتے ہیں۔
1۔ بلند فشارِ خون
ذیابیطس کے مریضوں میں بلڈ پریشر بڑھنے کا امکان نسبتاً زیادہ ہوتا ہے۔ اگر خون کا دباؤ طویل عرصے تک معمول سے زیادہ رہے تو دل کو خون پمپ کرنے کے لیے زیادہ طاقت صرف کرنا پڑتی ہے، جبکہ خون کی شریانیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔
اس مسئلے کی ایک تشویش ناک بات یہ ہے کہ بلند فشارِ خون اکثر کسی نمایاں علامت کے بغیر موجود رہتا ہے۔ اسی لیے مریضوں کو چاہیے کہ وہ وقفے وقفے سے اپنا بلڈ پریشر چیک کرواتے رہیں۔
2۔ کولیسٹرول میں غیر متوازن تبدیلیاں
ذیابیطس خون میں چکنائی کی مقدار اور اس کے تناسب کو متاثر کرسکتی ہے۔ اس کے باعث نقصان دہ کولیسٹرول میں اضافہ اور مفید کولیسٹرول میں کمی واقع ہوسکتی ہے، جس سے شریانوں میں چکنائی جمع ہونے اور ان کے تنگ ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس کیفیت کا جائزہ لینے کے لیے لپڈ پروفائل ٹیسٹ کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے خون میں مختلف اقسام کے کولیسٹرول اور ٹرائی گلیسرائیڈز کی مقدار معلوم کی جاسکتی ہے۔
3۔ نقصان دہ چکنائی کے ذرات میں اضافہ
خون میں موجود بعض مخصوص ذرات بھی شریانوں میں چکنائی جمع ہونے کا سبب بنتے ہیں۔ ان میں اے پی او بی نامی پروٹین سے وابستہ ذرات اہم ہیں، جن کی تعداد زیادہ ہونے سے دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بعض افراد میں کولیسٹرول کے معمول کے ٹیسٹ سے دل کی بیماری کا مکمل خطرہ سامنے نہیں آتا، ایسی صورت میں ڈاکٹر اے پی او بی کا مخصوص خون کا ٹیسٹ تجویز کرسکتے ہیں تاکہ شریانوں سے متعلق خطرات کا بہتر اندازہ لگایا جاسکے۔
4۔ خون کی شریانوں کی اندرونی سطح کو نقصان
خون کی شریانوں کے اندر ایک باریک تہہ موجود ہوتی ہے جو خون کی روانی کو معمول پر رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر خون میں شکر کی مقدار طویل عرصے تک زیادہ رہے تو یہ تہہ متاثر ہوسکتی ہے، جس سے شریانوں کی کارکردگی میں خرابی پیدا ہونے لگتی ہے۔
اس عمل کے نتیجے میں خون کی گردش متاثر ہونے اور دل کی بیماریوں کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
5۔ گردوں کی کارکردگی متاثر ہونا
ذیابیطس کے اثرات گردوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں، کیونکہ ان اعضا میں موجود باریک خون کی نالیاں مسلسل بلند شوگر کے باعث نقصان کا شکار ہوسکتی ہیں۔
دل اور گردوں کا ایک دوسرے کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ جب گردے خون کو درست طریقے سے صاف کرنے اور جسم میں پانی و نمکیات کا توازن برقرار رکھنے کے قابل نہ رہیں تو بلڈ پریشر بڑھنے اور دل پر اضافی دباؤ پڑنے کا خدشہ پیدا ہوجاتا ہے۔
اسی لیے ذیابیطس کے مریضوں کو دل کی صحت کے ساتھ گردوں کی کارکردگی پر بھی نظر رکھنی چاہیے اور ڈاکٹر کے مشورے سے متعلقہ ٹیسٹ کرواتے رہنا چاہیے۔
6۔ پیٹ کے گرد چربی اور موٹاپا
جسمانی وزن میں غیر معمولی اضافہ، بالخصوص پیٹ کے گرد چربی جمع ہونا، ذیابیطس اور امراضِ قلب کے خطرات میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
پیٹ کے اندرونی حصے میں جمع ہونے والی اضافی چربی جسم میں انسولین کی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے، جس سے خون میں شکر کی مقدار قابو میں رکھنا مشکل ہوسکتا ہے۔ ماہرین وزن مناسب سطح پر برقرار رکھنے اور روزانہ جسمانی سرگرمی کو معمول بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔
7۔ سگریٹ نوشی، جسمانی سرگرمی کی کمی اور نیند کی خرابی
غیر صحت مند طرزِ زندگی بھی ذیابیطس کے مریضوں کے لیے دل کے امراض کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔ سگریٹ نوشی خون کی شریانوں کو نقصان پہنچاتی ہے اور دل کے دورے کے امکانات میں اضافہ کرتی ہے۔
اسی طرح طویل وقت تک بیٹھے رہنا، ورزش سے گریز کرنا اور نیند پوری نہ کرنا بھی خون میں شکر اور بلڈ پریشر کے توازن کو متاثر کرسکتا ہے۔ اس لیے مریضوں کو چاہیے کہ وہ روزمرہ معمولات میں جسمانی سرگرمی، مناسب آرام اور بہتر نیند کو جگہ دیں۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے کون سے طبی معائنے ضروری ہیں؟
ماہرین کے مطابق ذیابیطس کے مریضوں کو اپنی صحت کی نگرانی صرف خون میں شکر کی جانچ تک محدود نہیں رکھنی چاہیے بلکہ دل، شریانوں اور گردوں سے متعلق ممکنہ خطرات کا بھی باقاعدگی سے جائزہ لینا چاہیے۔
اس سلسلے میں بلڈ پریشر کی پیمائش، لپڈ پروفائل، گردوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے خون کے ٹیسٹ اور پیشاب میں پروٹین کی موجودگی معلوم کرنے والے ٹیسٹ اہم ہیں۔ بعض مریضوں میں دل کی بیماری کے خطرے کا زیادہ درست اندازہ لگانے کے لیے اے پی او بی ٹیسٹ بھی تجویز کیا جاسکتا ہے۔
تاہم ہر مریض کے لیے تمام ٹیسٹ یکساں طور پر ضروری نہیں ہوتے، اس لیے ان کا انتخاب عمر، طبی کیفیت اور دیگر خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے معالج کی ہدایت کے مطابق کیا جانا چاہیے۔
دل اور گردوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا کریں؟
ذیابیطس کے مریض اپنی روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات اختیار کرکے دل اور گردوں کو پہنچنے والے نقصان کے خطرات کم کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے متوازن غذا استعمال کرنا، میٹھی اشیا اور زیادہ چکنائی والی خوراک میں اعتدال رکھنا اور روزانہ چہل قدمی یا مناسب ورزش کو معمول بنانا مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
اس کے علاوہ جسمانی وزن کو قابو میں رکھنا، سگریٹ نوشی سے مکمل اجتناب کرنا اور رات کو مناسب نیند لینا بھی ضروری ہے۔ مریضوں کو اپنی تجویز کردہ ادویات باقاعدگی سے استعمال کرنی چاہئیں اور علاج میں کسی بھی تبدیلی سے پہلے معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔
طبی ماہرین کے مطابق ذیابیطس کے علاج میں استعمال ہونے والی بعض جدید ادویات خون میں شکر کی مقدار کم کرنے کے ساتھ دل اور گردوں کو تحفظ فراہم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ تاہم ان ادویات کا انتخاب ہر مریض کی طبی کیفیت کے مطابق کیا جاتا ہے، اس لیے انہیں خود سے استعمال کرنا مناسب نہیں۔
کون سی علامات خطرے کی گھنٹی ہوسکتی ہیں؟
ذیابیطس کے مریضوں کو جسم میں ظاہر ہونے والی بعض علامات کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ سینے میں درد یا دباؤ محسوس ہونا، سانس لینے میں دشواری اور اچانک شدید کمزوری دل سے متعلق کسی سنگین مسئلے کی نشاندہی کرسکتی ہے۔
اسی طرح چہرے کا ایک جانب ڈھلک جانا، بازو میں اچانک کمزوری پیدا ہونا یا بولنے میں دشواری محسوس ہونا فالج کی ممکنہ علامات ہیں۔ ایسی صورت میں انتظار کرنے کے بجائے فوری طور پر ہنگامی طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔
ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ذیابیطس کا مؤثر علاج صرف خون میں شکر کی مقدار قابو میں رکھنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ دل، گردوں اور خون کی شریانوں کی حفاظت بھی علاج کا لازمی حصہ ہے۔ باقاعدہ طبی معائنے، بروقت تشخیص، مناسب ادویات اور صحت مند طرزِ زندگی اپنا کر ان سنگین پیچیدگیوں کے خطرات کو نمایاں حد تک کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت