منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایس آئی ایف سی کارکردگی: 7 سیمنٹ پلانٹس میں تقریباً 2 کھرب سرمایہ کاری کا تخمینہ، معدنیات کی تلاش

قومی خبریں

اسلام آباد: اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کارکردگی سے متعلق پہلی جامع سالانہ رپورٹ کا ابتدائی مسودہ آئندہ ماہ تیار کیے جانے کا امکان ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کونسل کے ذریعے ممکن بنائی گئی سرمایہ کاری، سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی مراعات اور اہم منصوبوں پر پیش رفت کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ ایس آئی ایف سی کے ایک سینئر ذریعے کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی تیاری کا بیشتر کام مکمل ہوچکا ہے اور یہ ملک میں سرمایہ کاری کے نظام میں شفافیت بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔

ذریعے کے مطابق یہ اقدام حکومت کے اقتصادی نظم و نسق میں اصلاحات کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ اس کے تحت ایک جامع طریقہ کار وضع کیا جارہا ہے، جس کے ذریعے کونسل کی سرمایہ کاری سے متعلق سرگرمیوں اور انفرادی منصوبوں پر عمل درآمد کی صورتحال کی تفصیلات بھی عام کی جائیں گی۔

اصلاحاتی منصوبے کے تحت رپورٹ کا ابتدائی مسودہ دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اس کا حتمی نسخہ مارچ 2027 تک شائع کیے جانے کی توقع ہے۔ مجوزہ رپورٹ میں پہلی مرتبہ ایس آئی ایف سی کے قیام سے اب تک اس کے ذریعے ممکن بنائی گئی سرمایہ کاری کی مجموعی تفصیلات یکجا کی جائیں گی۔

رپورٹ میں سرمایہ کاری کی تجاویز، مفاہمت کی یادداشتوں، مالیاتی وعدوں اور ان منصوبوں کے درمیان فرق بھی واضح کیا جائے گا جو عملی طور پر تکمیل یا تجارتی سرگرمیوں کے مرحلے تک پہنچ چکے ہیں۔

یہ رپورٹ اس لحاظ سے بھی اہمیت رکھتی ہے کہ ایس آئی ایف سی زراعت، معدنیات، توانائی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، سیاحت اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے متعدد پیش رفتوں کو اجاگر کرتی رہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت