منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مظاہروں کے دوران طاقت کا استعمال، میئر نیویارک کا بدنام پولیس یونٹ کو ختم کرنے کا اعلان

قومی خبریں
مظاہروں کے دوران طاقت کا استعمال، میئر نیویارک کا بدنام پولیس یونٹ کو ختم کرنے کا اعلان

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے مظاہرین کے خلاف مبینہ طور پر غیر ضروری طاقت استعمال کرنے والے پولیس یونٹ اسٹریٹجک رسپانس گروپ (ایس آر جی) کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ظہران ممدانی کے مطابق اس یونٹ کی جگہ ایک نیا شہری ادارہ قائم کیا جائے گا، جس کے اہلکار غیر مسلح ہوں گے اور انہیں کسی کو گرفتار کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہوگا۔ نئے ادارے کا مقصد بڑے عوامی مظاہروں کے دوران بات چیت اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے حالات کو قابو میں رکھنا ہوگا۔

واضح رہے کہ ایس آر جی کو 2020 میں پولیس تشدد کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران مظاہرین، صحافیوں اور قانونی مبصرین پر مبینہ طور پر غیر ضروری طاقت کے استعمال اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کے باعث شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

نیویارک کی پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کے مطابق ایس آر جی کے تقریباً 500 اہلکاروں کو آئندہ موسم بہار سے قبل پولیس کے دیگر شعبوں میں تعینات کردیا جائے گا۔

دوسری جانب شہری حقوق کی تنظیموں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے نئے ادارے کی نگرانی یقینی بنانے پر زور دیا ہے، جبکہ پولیس یونینز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام سے پولیس اہلکاروں اور عوام کی سلامتی متاثر ہوسکتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت