کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری میں آتشزدگی
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ایک فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رشید آباد میں ایک فیکٹری اچانک آگ کی لپیٹ میں آگئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں نے کارروائی شروع کردی جبکہ فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
ریسکیو 1122 کے مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز کو فیکٹری میں آتشزدگی کی اطلاع موصول ہونے پر فائر اینڈ ریسکیو ٹیم کو فوری
طور پر جائے وقوعہ روانہ کیا گیا۔ امدادی کارروائیوں کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑی اور ایمبولینس بھی موقع پر بھیجی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کا عملہ فیکٹری میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کررہا ہے اور امدادی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے فائر بریگیڈ اور امدادی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت