فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور بدلتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں مشترکہ سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ دونوں جانب سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت