سمندری طوفان کی تشکیل کے باعث کراچی میں درجہ حرارت بڑھنے لگا
کراچی میں نومبر کا نصف گزرنے کے باوجود درجہ حرارت میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق توقع تھی کہ شہر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں کمی آئے گی، تاہم خلیج بنگال میں سمندری طوفان بننے کے باعث خنک ہواؤں کی شدت کم ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ’اکوان‘ سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں۔ امکان ہے کہ یہ طوفان 20 نومبر کو بھارتی ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔
محکمے کے مطابق کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران دن کا درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ رات کا درجہ حرارت 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت