منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

یورپی یونین نے روس کے 113 شہریوں اور 50 بینکوں پر نئی پابندیاں عائد کردی

قومی خبریں

برسلز: یورپی یونین نے روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین نے روس پر معاشی دباؤ مزید بڑھاتے ہوئے 50 بینکوں اور مالیاتی اداروں سمیت 113 روسی شہریوں کو نئی پابندیوں کی زد میں لے لیا ہے جبکہ روسی تیل اور توانائی کے شعبے سے منسلک اداروں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئی ہیں۔

یورپی یونین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تازہ پابندیوں کا ہدف روس کے وہ معاشی اور مالیاتی شعبے ہیں جو ملک کی جنگی سرگرمیوں کے لیے وسائل اور آمدنی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ان اقدامات میں روس کے خفیہ تیل بردار بحری بیڑے کی معاونت کرنے والے افراد اور اداروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

بیان کے مطابق روس کے بینکاری نظام پر پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا بنیادی مقصد ان مالیاتی راستوں کو محدود کرنا ہے جن کے ذریعے روسی حکومت کو رقوم کی فراہمی اور جنگی اخراجات کے لیے مالی وسائل مہیا کیے جاتے ہیں۔

یورپی یونین کا مؤقف ہے کہ روس کی جنگی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں معاونت کرنے والے مالیاتی ذرائع کی روک تھام کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔

یورپی یونین نے واضح کیا ہے کہ روس کے خلاف پابندیوں کی پالیسی کا مقصد اس کی جنگی سرگرمیوں کے لیے دستیاب مالی وسائل کو محدود کرنا ہے۔ ساتھ ہی اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے کہ یوکرین کی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور آزادی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت