بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنتا دیکھ رہی ہوں، فریال تالپور

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کہا ہے کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم بنتا دیکھ رہی ہیں، جبکہ پارٹی کو پنجاب میں اپنی کھوئی ہوئی سیاسی حیثیت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اب بھی پیپلز پارٹی کے لیے سیاسی گنجائش موجود ہے اور عوام پارٹی سے محبت کرتے ہیں۔
فریال تالپور کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں صرف شخصیات کے سہارے نہیں چل سکتیں بلکہ مضبوط تنظیمی ڈھانچے اور کارکنوں کی محنت پر توجہ دینا ضروری ہے۔ نوجوانوں کو سیاسی سرگرمیوں میں شامل کرنے اور رضاکارانہ نظام کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال نشستوں کے حوالے سے بات نہیں کر رہیں، تاہم پیپلز پارٹی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنی چاہیے۔
خواتین کی گرفتاریوں کے معاملے پر فریال تالپور نے کہا کہ خواتین کو جیل میں نہیں ہونا چاہیے اور مردوں کے معاملات میں خواتین کو شامل نہیں کیا جانا چاہیے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت