منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

عمران خان کی سرجری درکار ہوئی تو حکومت سہولت فراہم کرے گی: رانا ثنا اللہ

قومی خبریں
عمران خان کی سرجری درکار ہوئی تو حکومت سہولت فراہم کرے گی: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے طبی علاج میں حکومت کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی اور اگر ڈاکٹروں کا بورڈ سرجری تجویز کرتا ہے تو حکومت اس کے لیے تمام ضروری سہولیات مہیا کرے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ان کے معالجین کی سفارشات اور طبی ہدایات کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہیں برتی گئی اور اگر طبی ماہرین سرجری کو ضروری قرار دیتے ہیں تو حکومت اس انتظام میں بھی تعاون کرے گی۔

سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ابتدا میں انتشار اور ہنگامہ آرائی کے ذریعے اپنے مطالبات منوانا چاہتی تھی، تاہم اس حکمت عملی میں ناکامی کے بعد اب مذاکرات کی بات کی جارہی ہے، حکومت نے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کیں، لیکن دوسری جانب سے تعاون کے بجائے انکار کا رویہ اختیار کیا گیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کا مؤقف ابتدا ہی سے واضح ہے کہ تمام اختلافات اور سیاسی مسائل کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ان خبروں اور تاثر کو بھی مسترد کیا کہ حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان کسی قسم کی ڈیل یا رعایت دینے کا معاملہ زیر غور ہے۔

صوبوں سے متعلق معاملات پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ جلد پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا اور اس میں زیادہ وقت باقی نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ صوبوں سے متعلق اہم امور کا فیصلہ کسی ایک فرد کے بیان یا انفرادی گفتگو سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے پارلیمنٹ میں باقاعدہ بحث اور مشاورت ضروری ہوگی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت