ایران کے ساتھ غیر معینہ مدت تک جنگ جاری نہیں رکھیں گے: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے واضح کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ طویل اور لامتناہی جنگ کے حق میں نہیں ہیں اور امریکی انتظامیہ اپنے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے بعد اس تنازع کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے سے گریز کرے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی بحری قوت میں اضافے کے لیے تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھیج دیا ہے۔ خطے میں امریکی فوجی موجودگی بڑھانے کے اس اقدام کے باوجود نائب صدر نے عندیہ دیا ہے کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ ایک طویل جنگ میں الجھنے کا خواہاں نہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا ایران سے متعلق اپنے طے شدہ مقاصد ضرور حاصل کرے گا، تاہم صدر ٹرمپ کسی ایسے تنازع کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے جس کا کوئی واضح اختتام نہ ہو۔ ان کے مطابق امریکی حکومت کی ترجیح اپنے اہداف کی تکمیل ہے، نہ کہ جنگ کو غیر ضروری طور پر طول دینا۔
نائب صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تاریخی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک گزشتہ 47 برس سے مختلف تنازعات اور معاملات میں ایک دوسرے کے مدِمقابل رہے ہیں، جبکہ حالیہ صورت حال میں بھی امریکا تقریباً 7 ماہ سے کسی نہ کسی انداز میں شامل ہے۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے متعلق بیانات میں بھی مختلف مواقع پر متضاد مؤقف سامنے آتا رہا ہے۔ وہ گزشتہ کئی ماہ کے دوران ایران پر مزید حملوں کے امکانات ظاہر کرتے رہے ہیں، تاہم اس کے ساتھ ہی متعدد مرتبہ یہ دعویٰ بھی کرچکے ہیں کہ جنگ مؤثر طور پر ختم ہوچکی ہے۔
جے ڈی وینس اس سے قبل بھی ایران کے ساتھ طویل جنگ میں الجھنے کے امکان کو مسترد کرچکے ہیں۔ رواں سال مئی میں انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا اپنے مقاصد کے حصول کے لیے غیر معینہ مدت تک جنگ جاری رکھنے کی پالیسی اختیار نہیں کرے گا۔
ایک دوسری صحافتی بریفنگ کے دوران بھی امریکی نائب صدر نے صورت حال کو جنگ قرار دینے سے گریز کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ کشیدگی کو جنگ کا نام نہیں دیں گے اور اس کے خاتمے کے لیے کوئی فرضی یا مصنوعی مدت بھی مقرر نہیں کریں گے۔
تاہم وینس کا یہ مؤقف صدر ٹرمپ کے بیانات سے مختلف دکھائی دیتا ہے، کیونکہ امریکی صدر متعدد مواقع پر ایران کے ساتھ جاری تنازع کے لیے واضح طور پر جنگ کی اصطلاح استعمال کرچکے ہیں۔ اس صورت حال میں امریکی قیادت کے مختلف بیانات سے ایران کے حوالے سے واشنگٹن کی آئندہ حکمت عملی اور تنازع کے مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت