منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ہری پور کو خیبر پختونخوا سے الگ کرکے اسلام آباد میں شامل کرنے کی اطلاعات ہیں: ایمل ولی

قومی خبریں
ہری پور کو خیبر پختونخوا سے الگ کرکے اسلام آباد میں شامل کرنے کی اطلاعات ہیں: ایمل ولی

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ہری پور کو خیبرپختونخوا سے الگ کرکے اسلام آباد میں شامل کرنے کی مجوزہ تجویز سے متعلق اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

اپنے بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ ہری پور کو صوبے سے الگ کرنا محض انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ خیبرپختونخوا کے آئینی حقوق سے جڑا ایک اہم معاملہ ہے۔ ان کے مطابق ہری پور اور صوابی دونوں جغرافیائی طور پر تربیلا ڈیم سے منسلک ہیں، جبکہ ڈیم کی بجلی پیدا کرنے والی تنصیبات دریائے سندھ کے دونوں کناروں پر واقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہری پور کو الگ کرنے کے ممکنہ اثرات کا پہلے جائزہ لینا ضروری ہے۔ اس اقدام سے آئین کے آرٹیکل 161(2) کے تحت خیبرپختونخوا کے خالص پن بجلی منافع کے حق پر اثر پڑ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی واضح کیا جائے کہ مجوزہ تبدیلی سے صوبے کے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں حصے پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔

اے این پی کے صدر نے کہا کہ اس تبدیلی سے صوبے کے وسائل، آبادی، اراضی اور ترقیاتی حقوق بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر ممکن نہیں۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 239(4) اس حوالے سے واضح ہے۔ انتظامی اصلاحات کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا اور طرز حکمرانی بہتر بنانا ہونا چاہیے، نہ کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور صوبوں کے آئینی حقوق کو غیر یقینی بنانا۔

انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ ایسی کسی بھی تجویز کی تفصیلات پارلیمان کے سامنے پیش کی جائیں اور اس کی قانونی بنیاد سمیت مالی و آئینی اثرات عوام کے سامنے واضح کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی سرزمین، وسائل اور آئینی حقوق کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کوئی فیصلہ صوبے کے عوام اور ان کے آئینی نمائندوں کو نظرانداز کرکے نہیں کیا جاسکتا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت