پاکستان کی میزبانی میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس اختتام پذیر، اسلام آباد اعلامیہ منظور

پاکستان کی میزبانی میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، جس میں علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک اہداف 2035 اور اسلام آباد اعلامیے کی منظوری دے دی گئی۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے دوران رکن ممالک نے علاقائی اقتصادی تعاون اور انضمام کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری کو تنظیم کے مستقبل کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
منظور کیے گئے اسلام آباد اعلامیے کو آئندہ دہائی میں علاقائی ترجیحات کے تعین اور رکن ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون کے فروغ کے لیے رہنما فریم ورک قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان 2026 اور 2027 کے لیے ای سی او کی صدارت سنبھالے گا، جس کے دوران علاقائی روابط، رکن ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ پاکستان 2027 میں ای سی او کے 19ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا، جبکہ ایران 3 اور 4 دسمبر 2026 کو تنظیم کے 18ویں سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت