ایرانی شرائط تسلیم ہونے پر دو روز میں آبنائے ہرمز کھولنے کو تیار ہیں، عباس عراقچی

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی کوششوں کے تحت آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے تہران کے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران، پاکستان کے ثالثی کردار سے مطمئن ہے۔ ان کے مطابق اگر واشنگٹن ایرانی شرائط تسلیم کرلے تو تہران دو روز کے اندر آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تیار ہے۔
ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی روابط مضبوط بنانے، تجارت کو آسان بنانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے خطے کے اجتماعی استحکام میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح بیرونی خطرات اور انحصار میں کمی لائی جاسکے گی اور خطے کو زیادہ مربوط اور خود کفیل بنانے میں مدد ملے گی۔
عباس عراقچی کا مزید کہنا تھا کہ جدید اور مؤثر تجارتی معاہدہ علاقائی تجارت کے فروغ، معاشی استحکام اور خطے کے عوام کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت