ڈانلڈ ٹرمپ ایشیا کے دورے پر روانہ: چینی اور روسی صدور سے تاریخی سہ فریقی ملاقات متوقع
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایشیا کے اہم سفارتی دورے پر روانہ ہوگئے، جہاں وہ فلپائن اور چین کا دورہ کریں گے، جبکہ چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقاتیں ان کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ٹرمپ کا دورہ فلپائن کے دارالحکومت منیلا سے شروع ہوگا، جہاں وہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دوران تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
دورے کے دوسرے مرحلے میں امریکی صدر چین کے شہر شینزن جائیں گے، جہاں 18 اور 19 نومبر کو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ دوطرفہ ملاقات بھی شیڈول ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ، شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان پہلی سہ فریقی ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں جوہری ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی، جوہری عدم پھیلاؤ اور عالمی امن سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی۔
ٹرمپ نے روانگی سے قبل کہا کہ وہ یوکرین جنگ کا معاملہ بھی روسی اور چینی صدور کے ساتھ اٹھائیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ممکنہ ملاقات کا عندیہ بھی دیا، تاہم اس ملاقات کا حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ عالمی تجارت، علاقائی سلامتی اور بڑی طاقتوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے
بشکریہ روزنامہ جسارت