منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کمی

قومی خبریں
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 روپے فی لیٹر کمی

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2، 2 روپے فی لیٹر کمی کردی، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 328 روپے جبکہ ڈیزل 358 روپے فی لیٹر مقرر ہوگیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 17 نومبر سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 328 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 2 روپے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد 358 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کے باوجود شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سے ان کے روزمرہ اخراجات میں کوئی بڑا فرق نہیں پڑے گا کیونکہ اشیائے خورونوش، بجلی، گیس، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتیں پہلے ہی عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔

عوام کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے لیکن جب پیٹرولیم مصنوعات سستی ہوتی ہیں تو اس تناسب سے کرایوں اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جاتی۔ اس دوہرے معیار کا براہ راست بوجھ عام شہریوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ تنخواہوں اور آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو رہا، جبکہ مہنگائی مسلسل گھریلو بجٹ کو متاثر کر رہی ہے۔ ایک طرف بجلی اور گیس کے بھاری بل ادا کرنے پڑتے ہیں تو دوسری جانب آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ایسے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں صرف 2 روپے فی لیٹر کمی عوام کے لیے کوئی بڑا ریلیف ثابت نہیں ہوسکتی۔

ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ مسافروں اور اشیا کی ترسیل کے شعبے تک بھی پہنچنا چاہیے تاکہ کرایوں اور مال برداری کے اخراجات میں کمی آسکے۔ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ کی گئی تو اس کا فائدہ عام شہریوں کو نہیں مل سکے گا۔

عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں محض معمولی کمی کے بجائے مہنگائی کے مجموعی بوجھ کو کم کرنے کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر نگرانی کی جائے اور پیٹرول و ڈیزل سستا ہونے کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جائے، عوام کو حقیقی ریلیف اسی وقت ملے گا جب روزمرہ استعمال کی اشیا، بجلی، گیس اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت