جمہوری طورپرمنتخب لیڈرکا قتل ہوتےدیکھ رہےہیں،قاسم خان

لندن:سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے اپنے والد کے اعلیٰ عدلیہ کو لکھے گئے خط پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد کو جس اذیت سے گزارا جا رہا ہے وہ بالآخر ان کی جان لے لے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں قاسم خان نے عمران خان کا خط شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”اپنے والد کا خط پڑھ کر دل دہل گیا ہے۔
انہیں جس اذیت سے گزارا جا رہا ہے وہ بالآخر ان کی جان لے لے گی۔“اپنے ردِعمل میں خدشے کا اظہار کرتے ہوئے قاسم خان نے لکھا کہ ”ہم پاکستان کے جمہوری طور پر منتخب لیڈر کا قتل ہوتے دیکھ رہے ہیں“۔
قاسم خان کے بعد سلیمان خان نے بھی ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اس خط سے جیل میں ان کے والد اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ روا رکھے جانے والے ”شرمناک سلوک“ کی تفصیلات سامنے آتی ہیں جو سلیمان خان کے بقول پاکستان کے آئین، جیل مینوئل، قوانین اور عدالت عظمیٰ کے احکامات کی مکمل خلاف ورزی ہے۔
سلیمان خان نے کہا کہ والد کی مناسب طبی سہولتوں کی فراہمی کی درخواست کسی بھی طرح خصوصی رعایت طلب کرنے کے مترادف نہیں ہے بلکہ یہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیار پر عمل درآمد کے لیے کم از کم ضروری تقاضاہے۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کورٹ کے احکامات پر فوری عمل کرے اور بہت دیر ہونے سے پہلے ان کے والد کو علاج کے لیے ’شفا انٹرنیشنل اسپتال‘ منتقل کیا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت