منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پی ٹی آئی کو عدالتی ریلیف، پشاور ہائیکورٹ کو تمام آئینی درخواستوں کی سماعت کی اجازت

قومی خبریں
پی ٹی آئی کو عدالتی ریلیف، پشاور ہائیکورٹ کو تمام آئینی درخواستوں کی سماعت کی اجازت

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست منظور کرتے ہوئے 5 نومبر کے اپنے سابقہ حکم میں ترمیم کردی اور پشاور ہائیکورٹ کو گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق مقدمات کے علاوہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دیگر درخواستوں کی سماعت کرنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے پشاور بار کونسل کو بھی مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دے دی ہے۔

وفاقی آئینی عدالت میں معاملے کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم کے باعث پشاور ہائیکورٹ میں جاری عدالتی کارروائی متاثر ہوئی ہے اور اس حکم کی وجہ سے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر دیگر مقدمات کی سماعت بھی رک گئی ہے۔

اس پر عدالت نے وضاحت کی کہ اس کا حکم امتناع صرف گورنر راج اور مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) سے متعلق معاملات کے حوالے سے تھا۔ پشاور ہائیکورٹ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دیگر مقدمات کی سماعت جاری رکھ سکتی ہے، تمام آئینی درخواستوں پر پابندی عائد کرنا مقصود نہیں تھا۔

سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کو بھی ریلیف دینے کی استدعا کی۔ اس پر جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی نے اپنی متفرق درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کی ہیں، جب یہ درخواستیں عدالت کے سامنے آئیں گی تو ان کا جائزہ لے لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر 2026 کو اپنے حکم میں قرار دیا تھا کہ 12 اکتوبر 2026 یا اس کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر تمام درخواستوں پر کارروائی معطل رہے گی۔ اس حکم کے بعد خیبر پختونخوا میں آئینی درخواستوں کی سماعت کے حوالے سے صورت حال پیدا ہوگئی تھی، جس پر پی ٹی آئی نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے بھی وفاقی آئینی عدالت میں اپنا جواب جمع کرادیا ہے، جس میں صوبے بھر میں سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے فوج کی مسلسل تعیناتی کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت کے جواب میں کہا گیا ہے کہ فی الحال خیبر پختونخوا کے کسی بھی ضلع یا علاقے سے فوج واپس بلانے یا اس کی تعیناتی ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، صوبے میں سول انتظامیہ کی معاونت، قیمتی انسانی جانوں، سرکاری املاک اور اہم تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے فوج کی موجودگی ضروری ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر سول انتظامیہ کو مسلسل معاونت فراہم کرنا ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے فوج کی تعیناتی برقرار رکھی جائے گی۔ حکومت نے اپنے جواب میں کسی ضلع کو فوجی تعیناتی سے مستثنیٰ قرار دینے کی حمایت نہیں کی۔

یاد رہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے 5 نومبر کے حکم میں خیبر پختونخوا حکومت سے فوج کی تعیناتی کے حوالے سے تفصیلات طلب کی تھیں۔ عدالت نے استفسار کیا تھا کہ صوبے کے کن اضلاع میں فوج کی تعیناتی ضروری ہے اور کن علاقوں میں فوج کی ضرورت نہیں رہی۔

صوبائی حکومت نے اپنے جواب میں پورے خیبر پختونخوا میں فوج کی تعیناتی جاری رکھنے کو ضروری قرار دیا ہے۔ اس طرح معاملے کے 2 اہم پہلو عدالت کے سامنے آگئے ہیں، ایک جانب پی ٹی آئی کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ کے اختیارات سے متعلق حکم میں ترمیم کی گئی ہے جبکہ دوسری جانب صوبائی حکومت نے فوج کی تعیناتی برقرار رکھنے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت